Time 03 اکتوبر ، 2024
دنیا

حزب اللہ کے حملوں سے اسرائیلی فوج پسپا، بدحواسی میں بکتربند بھی چھوڑ گئی

بیروت: لبنان میں زمینی کارروائی کرنے والی اسرائیلی فوج حزب اللہ کے حملوں کے بعد کفر کلہ سے واپس چلی گئی۔

عرب میڈیا کے مطابق حزب اللہ سے چھڑپوں کے بعد سرحدی علاقے کفر کلہ سے پسپا ہونے والی اسرائیلی فوج بدحواسی میں اپنے پیچھے بکتر بند گاڑی بھی چھوڑ گئی۔

تاہم عرب میڈیا کا بتانا ہے کہ لبنانی حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے چھوڑی گئی بکتر بندی گاڑی اسرائیلی فوج کا جال ہوسکتا ہے، حکام کو خدشہ ہے کہ بکتر بند گاڑی میں بارود بھرا ہوسکتا ہے جو کبھی بھی پھٹ سکتا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دو روز سے لبنان کے سرحدی علاقوں میں اسرائیلی فوج اور حزب اللہ کے درمیان زمینی لڑائی جاری ہے۔

گزشتہ روز اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ساتھ جھڑپوں میں 8 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی۔

اسرائیلی فوج نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں تصدیق کی ہے کہ جنوبی لبنان میں لڑائی کے دوران اسرائیلی فوج کے 3 کیپٹن سمیت 8 اہلکار ہلاک ہوئے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے بدھ کے روز لبنان میں داخل ہونے کی کوشش کی جس دوران اسرائیل فوج اور حزب اللہ کے جنگجوؤں کے درمیان تصادم ہوا۔


مزید خبریں :