Time 03 اکتوبر ، 2024
پاکستان

پی ٹی آئی نے ڈی چوک کا احتجاج مؤخر کرنے کی مشروط پیشکش کردی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)  نے ڈی چوک کا احتجاج  مؤ خر کرنے کی مشروط پیشکش کردی۔

جیوز نیوز کے  پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے  تحریک انصاف کے رہنما زین قریشی نے حکومت کو پیشکش کی کہ اگر حکومت 26 ویں آئینی ترمیم کو 23 اکتوبر سے آگے لے جائے تو تحریک انصاف بھی اپنے جلسے جلوس اور دھرنے مؤخر کردے گی۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہےکہ کسی صورت بھی اسلام آباد پر دھاوا بولنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اگر کل کوئی اسلام آباد آئےگا تو پھر ہم سے شکوہ نہ کرے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اگر کوئی دھاوا بولے گا تو اسے کوئی نرمی یا رعایت نہیں دی جائےگی، پولیس نے پوری تیاری کر رکھی ہے، سکیورٹی انتظامات میں کوئی نرمی نہیں کی جائےگی، پیراملٹری فورسز ، رینجرز ، آرمی کو طلب کرلیا ہے، تحریک انصاف کی قیادت کو احتجاج کی کال پر نظرثانی کرنی چاہیے،کل تک کا وقت ہے ، انہیں سوچنا چاہیے۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ ملائیشیا کے وزیراعظم آچکے ہیں،اس کے بعد سعودی وفد آرہا ہے، اس کے بعد وزیراعظم چین آرہے ہیں، ایسے میں کل کے احتجاج کی کال دے دی گئی ہے، پی ٹی آئی پاکستان کی جماعت ہے باہر کی جماعت نہیں،کوئی ہیڈ آف اسٹیٹ یہاں ہو اور آپ اسلام آباد پر دھاوا بولنے کا بولیں، یہ مناسب نہیں، ہم نے ہر طریقے سے اپنے تمام تر انتظامات کرنے ہیں، نرمی یا کوئی اور دوسری سوچ کسی صورت نہیں ہوگی۔

مزید خبریں :