Time 03 اکتوبر ، 2024
انٹرٹینمنٹ

آرٹس کونسل میں ورلڈکلچر فیسٹیول کے آٹھویں روز تھیٹر پلے وی جین، ایرر 404 ناٹ فاؤنڈ پیش

آرٹس کونسل میں ورلڈکلچر فیسٹیول کے آٹھویں روز تھیٹر پلے وی جین، ایرر 404 ناٹ فاؤنڈ پیش
فوٹو: جیو نیوز

آرٹس کونسل آٰ پاکستان کراچی میں جاری ”ورلڈ کلچر فسیٹیول کراچی“ کے آٹھویں روز تھیٹر پلے وی جین، ایرر 404 ناٹ فاؤنڈ پیش کیا گیا۔

کراچی آرٹس کونسل میں ورلڈ کلچر فیسٹیول کے آٹھویں روز، سائیفائی تھیٹر پلے  وی جین، ایرر 404 ناٹ فاؤنڈ (V Gen - Error 404: Not Found)  پیش کردیا گیا، اسے سائیفائی کہنے کی وجہ کہانی میں اے آئی روبوٹ یعنی ٹیکنالوجی اور اس کے انسانی دنیا پر مرتب ہونے والے اثرات کی عکس بندی کی گئی ہے۔

گو کہ اس کی کہانی معاشرے کے مختلف موضوعات کو بھی چھونے میں کامیاب رہی، کوٹہ سسٹم، صحت اور جرائم پر بھی ہلکے پھلکے انداز میں بات ہوئی جبکہ سیاسی اور مذہبی جماعتوں کے تاثرات کو بھی  طنز و مزاح  کے ساتھ بیان کیا گیا۔

اب بات کرتے ہیں تھیٹر کی جس میں صورتحال کو چھپانے کی کوشش میں وجود میں آنے والا اے آئی (Ai) پروجیکٹ افراتفری کا عکس بن جاتا ہے اور بنانے والوں کے لیے اپنی کھری زبان و خطرناک حرکات، جیسے بندوق اور ڈنڈے کو بنانے والوں پر استعمال کرنا، کی وجہ سے مصیبت کھڑی کردیتا ہے۔

جیو ڈیجیٹل نے ڈائریکٹر بازیلہ مصطفیٰ سے گفتگو کی اور  پوچھا کہ ٹیکنالوجی اور پولیٹیکل سٹائر کا امتزاج، یہ خیال کیسے آیا؟

انہوں نے کہا میں لندن میں رہتی ہوں اور وہاں ہر ایک چیز میں یہاں تک کہ روزمرہ کے معاملات میں بھی ٹیکنالوجی کا استعمال بہت زیادہ ہے، تو میں نے سوچا کہ آخر اس کا اختتام کہاں پر ہوگا؟

اس پلے کی کہانی میں نے خود ترتیب دی، ڈائریکٹ بھی کیا اور اس میں کوئی ایک نہیں بلکہ تین چار لوگوں نے بہت سے کردار کیے ہیں، لیکن سب سے مزیدار کردار روبوٹ ہے۔

بازیلہ نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے اثرات اچھے ہیں یا برے یہ تو اس کا استعمال کرنے والوں کے اوپر ہے، اس پلے میں بھی ہم نے یہ ہی سمجھانے کی کوشش کی ہے، اب دیکھنا یہ ہے کہ ناظرین اس کے بارے میں کیا سوچتے ہیں۔

ہدایت کارہ نے یہ بھی کہا کہ جو دیکھنے والے ہیں ان کے لیے بتادوں کہ یہ اخباری شہ سرخیوں سے متاثر ہو کر انکار، فریب، تنزلی، استبداد اور مایوسی کی ایک طنزیہ کہانی ہے۔

بازیلہ اس سے قبل، ناک چرنل، سوچ اور دیگر تھیٹر پلے کی ہدایت کار بھی رہ چکی ہیں اور یہ ان کا چوتھا تھیٹر آرٹس کونسل کراچی میں پیش کیا گیا ہے ۔

‏V Gen - Error 404: Not Found کی کاسٹ میں علی شیر، رام گوند اور تنویر گل اور کرن شامل ہیں۔

جنگ اور جیو کے اشتراک سے کراچی آرٹس کونسل میں جاری رہنے والے عالمی ثقافتی میلے میں شائقین کا رش بھی دیدنی تھا جب کہ 35 روزہ ورلڈ کلچر فیسٹیول 2 نومبر تک جاری رہے گا۔

مزید خبریں :