Time 04 اکتوبر ، 2024
پاکستان

جے شنکر کو احتجاج میں شرکت اور خطاب کی دعوت دیں گے، دیکھیں پاکستانی جمہوریت کتنی مضبوط ہے: بیرسٹر سیف

خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ ہم جے شنکر کو دعوت دیں گے ہمارے احتجاج میں شرکت کریں اور ہمارے لوگوں سے خطاب کریں، دیکھیں پاکستان کی جمہوریت کتنی مضبوط جمہوریت ہے جہاں پر ہر کسی کو احتجاج کا حق ہے۔

پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سیف کا کہنا تھاکہ وزیر اعلیٰ کے پی ڈی چوک پہنچیں گے اور محسن نقوی کو چائے پلائیں گے، ڈی چوک پر ہم احتجاج ریکارڈ کرائیں گے اور بانی پی ٹی آئی کی کال پر احتجاج ختم ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ غلط بات کر رہے ہیں، ہم اسلحہ کیوں لائیں گے؟ پر امن احتجاج ہمارے مفاد میں ہے، اگر کچھ ہوگا تو یہ لوگ خود ذمہ دار ہوں گے، ہم ملک کی بہتری کیلئے آ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ ہم فوج سے کیوں مقابلہ کریں گے، ہمارا ان سے جھگڑا نہیں، ان کا احترام کرتے ہیں، مجھے یقین وہ اپنے آئین اور قوم کا احترام کریں گے،  ہم ڈی چوک میں احتجاج کریں گے جو ہمارا حق ہے، فوج کا اہلکار موجود ہوگا پھولوں کا گلدستہ پیش کریں گے،فوج تحریک انصاف کا احتجاج روکنے کیلئے نہیں آرہی، ایس سی او کی سکیورٹی کیلئے آرہی ہے، ڈی چوک سے کوئی وفود نہیں گزرتے۔

مشیر اطلاعات کا کہنا تھاکہ ’ایک بات آپ کو بتاؤں یہ جتنے ممالک آ رہے ہیں ان کے وفود ہمارے احتجاج دیکھ کر خوش ہوں گے، پاکستان کی جمہوری اقدار کی مضبوطی کی تعریف کریں گے، یہاں پر احتجاج کرنے کا حق ہے آئین کے مطابق بڑی سیاسی پارٹی کو احتجاج کی اجازت ہے‘۔

ایک سوال کے  جواب میں مزید کہا کہ ’بھارتی وزیراعظم آرہے ہیں، وہ بہت بڑی جمہوریت ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں، اس کو یہ دکھا رہے ہیں آپ نے احتجاج کو کیسنل کردیا، 10 ہزار کنٹینرز کے پہاڑ اسلام آباد میں کھڑے کیے ہوئے ہیں، اگر وہ دکھانا چاہ رہے ہیں یہ آپ کی جمہوریت کی شکل ہے، ہم جے شنکر کو دعوت دیں گے ہمارے احتجاج میں شرکت کریں اور ہمارے لوگوں سے خطاب کریں، دیکھیں پاکستان کی جمہوریت کتنی مضبوط جمہوریت ہے جہاں پر ہر کسی کو احتجاج کا حق ہے‘۔

خیال رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگا جس میں بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر بھی شرکت کریں گے۔

مزید خبریں :