06 اکتوبر ، 2024
غزہ میں اسرائیل کے وحشیانہ حملوں کا ایک برس مکمل ہونے کو آگیا جس پر اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب سمیت مختلف ممالک میں احتجاج کیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی کی جارحیت پر لندن میں ہزاروں افراد کا بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا۔
اس کے علاوہ فرانس میں مظاہرین نے غزہ اور لبنان میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاجی مارچ کیا، پیرس میں فلسطینی، لبنانی پرچم لہراتے لوگوں نے اسرائیلی مظالم رُکوانے کا مطالبہ کیا۔
ادھر سوئیڈن میں بھی سیکڑوں افراد نے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اسٹاک ہوم کی سڑکوں پر فلسطینی پرچم تھامے جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔
دوسری جانب اسرائیل میں بھی وزیراعظم نیتن یاہو حکومت کے خلاف بڑا مظاہرہ کیا گیا جس میں ہزاروں لوگ تل ابیب کی سڑکوں پر نکل آئے اور یرغمالیوں کی رہائی کے لیے غزہ جنگ بندی معاہدہ کرنے کا مطالبہ کیا۔
اس کے ساتھ ہی تل ابیب میں مظاہرین نے نیتن یاہو پر کڑی تنقید کرتے ہوئے انہیں جنگ بندی معاہدہ نہ ہونے کا ذمہ دار بھی قرار دیا۔