Time 07 اکتوبر ، 2024
پاکستان

کراچی دھماکا: 2 چینی شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق، پاکستان ایمرجنسی پلان نافذ کرکے تحقیقات کرے، چین

کراچی دھماکا: 2 چینی شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق، پاکستان ایمرجنسی پلان نافذ کرکے تحقیقات کرے، چین
پاکستانی حکام سے مکمل تحقیقات اور حملہ آوروں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہیں: چینی سفارتخانہ. اسکرین گریب

کراچی ائیرپورٹ کے قریب گزشتہ رات ہونے والے دھماکے سے متعلق چینی سفارتخانے کا بیان سامنے آیا ہے۔

کراچی میں ائیرپورٹ کے قریب رات گئے ہونے والے دھماکے میں چینی باشدوں سمیت 3 افراد جاں بحق اور 17 افراد زخمی ہوئے۔

وزیراعظم پاکستان، وزیر داخلہ محسن نقوی، گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی ائیر پورٹ ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ملوث افراد کو ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

کراچی میں دہشتگردی کے واقعے پر چینی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے قریب چینی عملےکی گاڑی پر حملہ کیا گیا، حملے میں دو چینی باشندے ہلاک اور ایک زخمی ہوا، کچھ مقامی شہری بھی متاثر ہوئے۔

چینی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ ‎پاکستان میں چینی سفارتخانہ اور قونصل خانہ دہشتگرد حملے کی شدیدمذمت کرتے ہیں، ‎ہم نے فوری ایمرجنسی پلان نافذ کرکے پاکستان سے تحقیقات کی درخواست کی ہے۔

دوست ملک کے سفارتخانے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ‎پاکستانی حکام سے مکمل تحقیقات اور حملہ آوروں کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے بھی کراچی ائیر پورٹ کے قریب چینی انجینئرز پر دہشتگرد حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ حملے میں دو چینی ہلاک اور ایک زخمی ہوا، متاثرہ خاندانوں، بشمول چینی باشندوں، پاکستانیوں کیلئے گہری تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، زخمی چینی باشندے کی جلدصحت یابی کیلئے دعاگو ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یہ افسوسناک عمل ناصرف پاکستان بلکہ پاک چین دیرینہ دوستی پربھی حملہ ہے، بزدلانہ حملے میں شامل افراد، بشمول مجیدبریگیڈ کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے عزم پر قائم ہیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی، قانون نافذ کرنے والے ادارے ملزمان اور ان کے سہولت کاروں کو پکڑنے میں کسر نہیں چھوڑیں گے، یہ ظالمانہ عمل بغیر سزا نہیں رہے گا۔

مزید خبریں :