07 اکتوبر ، 2024
بالی وڈ سپر اسٹار نہ صرف مہنگے اداکار بلکہ اب بھارتی ٹیلی ویژن کے مہنگے ترین میزبان بھی بن چکے ہیں جس کا انکشاف حال ہی میں بھارتی میڈیا نے کیا۔
5 اور 6 اکتوبر کو مقبول رئیلیٹی شو بگ باس کے اٹھارہویں سیزن کا پریمیئر ہوا جس میں امیدواروں کا تعارف ناظرین سے کروایا گیا، اس شو کی میزبانی شروعات میں امیتابھ بچن بھی کرچکے ہیں لیکن سلمان خان نے جب سے میزبانی کا آغاز کیا تب سے ہی شو میں جیسے جان پھونک دی گئی ہو۔
اب بھارتی میڈیا پر سیزن 18 کے لیے سلمان خان کے معاوضے سے متعلق خبریں ہیں کہ اداکار کو اس شو کی میزبانی کے ہر ماہ 60 کروڑ روپے ملیں گے، یعنی اگر یہ سیزن 15ہفتے تک چلتا ہے تو سپر اسٹار کو تقریباً 250 کروڑ روپے مل سکتے ہیں۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ سلمان خان کا یہ معاوضہ فلم باہوبلی 2، جوان، لیو، استری 2 اور اینیمل کے بجٹ سے بھی زیادہ ہے۔
2021 میں سلمان خان نے ایک قسط کی میزبانی کے لیے 3 کروڑ بھارتی روپے معاوضہ وصول کیا تھا۔
واضح رہے کہ اس سیزن کے امیدواروں میں چاہت پانڈے، کرن ویر مہرا، چم درنگ، رجت دلال، مسکان بامنے، عارفین خان، نیا شرما، اویناش مشرا، ویوین ڈیسینا، ایلس کوشک، شروتیکا ارجن اور نائرہ بنرجی جیسے مشہور نام شامل ہیں۔