05 اکتوبر ، 2024
2012 میں ریلیز ہونے والی بالی وڈ فلم ’پریم رتن دھن پایو ‘ کے ڈائریکٹر سورج برجاتیا نے انکشاف کیا ہے کہ اس فلم میں اداکارہ سونم کپور کے ساتھ رومانوی سین کیلئے سلمان خان کو راضی کرنے میں 5 ماہ لگے۔
بالی وڈ فلم ’پریم رتن دھن پایو ‘ سلمان خان کی ڈائریکٹر سورج برجاتیا کے ساتھ چوتھی فلم تھی، اس سے قبل سلمان خان سورج برجاتیا کی 3 کامیاب فلموں’ میں نے پیار کیا‘، ’ ہم آپ کے ہیں کون‘ اور ’ہم ساتھ ساتھ ہیں ‘ میں ان کے ساتھ کام کرچکے تھے۔
فلم’ پریم رتن دھن پایو ‘ میں اداکارہ سونم کپور نے مرکزی کردار ادا کیا تھا اور اس فلم نے خوب بزنس سمیٹا لیکن اس فلم کے حوالے سے ابتدا میں سلمان خان کو کئی تحفظات رہے۔
حال ہی میں بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ڈائریکٹر سورج برجاتیا نے بتایا کہ اس فلم کا اسکرپٹ لکھنے کے بعد میں سلمان خان کے ساتھ فلم کیلئے ممکنہ ہیروئن کے حوالے سے سوچ رہا تھا اور ہمارے پاس کئی نام تھےلیکن میں ایک نئی جوڑی پیش کرنا چاہتا تھا، بالی وڈ فلم رانجھنا کو دیکھنے کے بعد میں نے فیصلہ کیا کہ سونم کپور اس کردار کے لیے بہترین ہیں۔
سورج برجاتیا کے مطابق’ جب میں نے سونم کیلئے فیصلہ کرلیا تو سلمان خان کے سامنے سونم کی تصاویر رکھیں جسے دیکھ کر سلمان نے کہا کہ مجھے تھوڑا وقت دیں تاکہ میں سوچ سکوں‘۔
ڈائریکٹر کا بتانا ہے کہ ’ایک مہینہ گزرگیا سلمان کا جواب نہ آیا‘ پھر پوچھنے پر اداکار نے مجھے کہا کہ وہ بہت لمبی نہیں ہیں؟ اور مجھ سے بہت چھوٹی بھی ہے میرے سامنے بڑی ہوئی ہے، میں اس کے ساتھ کیسے رومانس کر سکتا ہوں؟
سورج کے مطابق’ اس کے بعد میں نے سلمان خان کویاد دلایا کہ وہ سونم کے ساتھ 2007 میں ریلیز ہونے والی فلم ساوریا میں کام کرچکے ہیں لیکن اس کے باوجود سلمان کو اس فلم میں سونم کے ساتھ کام کرنے کیلئے راضی ہونے میں 5 ماہ لگے‘۔