07 اکتوبر ، 2024
سال 2024 کے لیے طب کا نوبیل انعام امریکا سے تعلق رکھنے والے دو سائنسدانوں کو دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
انہیں یہ انعام انسانی جسم میں جینیاتی سرگرمیوں کو کنٹرول کرنے کے لئے خلیات میں موجود ایک اہم میکنزم کی دریافت پر دیا گیا ہے۔
وکٹر ایمبروز اور گیری رووکن نے مائیکرو آر این اے اور اس کے افعال کی دریافت پر قابل قدر تحقیقی کام کیا۔
یہ ننھے آر این اے مالیکیولز جینز کو کنٹرول کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
نوبیل کمیٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ان سائنسدانوں نے جینز کو کنٹرول کرنے کے لیے مکمل ایک نئے ذریعے کا انکشاف کیا۔
وکٹر ایمبروز نے ہارورڈ یونیورسٹی کی جانب سے اس تحقیق پر کام کیا تھا اور ابھی وہ یونیورسٹی آف میساچوسٹس میڈیکل اسکول میں پروفیسر آف نیچرل سائنس کے طور پر کام کر رہے ہیں۔
گیری رووکن نے اپنی تحقیق میساچوسٹس جنرل ہاسپٹل اور ہارورڈ میڈیکل اسکول کی جانب سے کی جہاں وہ جینیاتی شعبے کے پروفیسر ہیں۔
دونوں سائنسدانوں میں 11 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم بھی تقسیم کی جائے گی۔
خیال رہے کہ 8 اکتوبر کو فزکس، 9 اکتوبر کو کیمسٹری اور 10 اکتوبر کو ادب کے نوبیل انعام کا اعلان کیا جائے گا۔
امن کے نوبیل انعام کا اعلان 11 اکتوبر جبکہ معیشت کا نوبیل انعام 14 اکتوبر کو دیا جائے گا۔
اس سے قبل 2023 میں طب کا نوبیل انعام بھی امریکا سے تعلق رکھنے والے 2 سائنسدانوں کے نام رہا تھا۔
ہنگری نژاد امریکی بائیو کیمسٹ Katalin Karikó اور Drew Weissman کو کووڈ 19 کی وبا سے لڑنے کے لیے ایم آر این اے ویکسین تیار کرنے میں مدد فراہم کرنے پر نوبیل انعام سے نوازا گیا۔
یہ دونوں امریکا کی پنسلوانیا یونیورسٹی سے تعلق رکھتے ہیں اور برسوں سے ایم آر این اے ٹیکنالوجی پر کام کر رہے تھے۔
ان کے تحقیقی کام کے باعث کووڈ 19 کی وبا کے دوران ریکارڈ وقت میں زندگی بچانے والی ویکسینز تیار کرنے میں مدد ملی۔