08 اکتوبر ، 2024
قومی ائیرلائن پی آئی اے کی ٹورنٹو سے کراچی کی پرواز مقررہ وقت سے ڈھائی گھنٹے پہلے روانہ ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق پی کے 784 رواں ماہ اکتوبر کی 6 کو ٹورنٹو سے روانہ ہوئی تھی جس کے پیشگی پرواز کرنے سے متعدد مسافر ٹورنٹو ائیرپورٹ پر ہی رہ گئے۔
ذرائع نے بتایا کہ پی کے 784 سات اکتوبر کو مقررہ وقت سے ڈھائی گھنٹے پہلے کراچی پہنچ گئی، پی آئی اے کو اگلی پرواز کیلئے ضرورت تھی اس لیے ٹورنٹو سے ڈھائی گھنٹے پہلے پرواز روانہ ہوئی۔
ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ مسافروں کو پرواز کے وقت میں تبدیلی سے آگاہ کر دیا گیا تھا، پرواز سے 254 مسافروں نے سفر کیا اور بعض مسافروں کے فون نمبر درست نہیں تھے، جنہیں اطلاع نہیں ہو سکی۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق کچھ مسافروں کی بکنگ میں ان کے فون نمبر کی جگہ ٹریول ایجنٹ کا نمبر درج تھا، 7 سے 8 مسافر پرواز میں سوار ہونے سے رہ گئے جو مسافر پی کے 784 میں سوار ہونے سے رہ گئے انہیں پرانے ٹکٹ پر ہی اگلی پرواز سے کراچی لایا جائے گا۔
ترجمان نے مسافروں سے درخواست کی کہ بکنگ کے وقت اپنے درست نمبر درج کرائیں، غلط نمبر یا ٹریول ایجنٹ کا نمبر درج ہونے پر پرواز سے متعلق اطلاع بروقت نہیں مل سکتی۔