09 اکتوبر ، 2024
پاکستان کے نامور و سینئر فلم اداکار شان شاہد نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ماضی میں بالی وڈ کی تین فلموں سمیت پاکستان کی سپر ہٹ ڈرامے میں بطور ہیرو کی پیشکش کی گئی تھی جسے انہوں نے مسترد کردیا۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران شان شاہد نے بتایا کہ انہیں عامر خان نے گجنی کی پیشکش کی تھی اور 8 کروڑ بھارتی روپے آفر کیے گئے ۔
اداکار نے کہا میں کسی فنکار کو بھارت جانے سے نہیں روکتا، جسے جانا ہے خوشی سے جائے، ایک تو کشمیر کو لے کر میرے والد کے نظریات بہت مضبوط تھے اس وجہ سے ، کیونکہ بھارت میں کشمیریوں پر ظلم کی انتہا ہورہی ہے، اس کے بعد عامر خان کا مجھے خود فون آیا اور ایک ولن کے کردار کی پیشکش کی جس پر میں نے کہا کہ پورے بھارت میں کوئی ولن کا کردار نہیں کرسکتا؟
شان نے کہا دراصل پروڈیوسر اداکارانہ صلاحیتوں پر نہیں بلکہ پاکستانی ہونے کی وجہ سے مجھے کاسٹ کرنا چاہتے تھے، جو مجھے قبول نہیں تھا۔
اداکار نے انکشاف کیا کہ مجھے فلم سات خون معاف اور دہلی 6 کی بھی پیشکش کی گئی تھی۔
دوران گفتگو ایک سوال کے جواب میں شان نے انکشاف کیا کہ مجھے سپر ہٹ ڈرامہ سیریل ہمسفر آفر ہوا تھا لیکن مصروفیت کے سبب میں نے وہ کرنے سے انکار کردیا تھا، مجھے ماہرہ خان کا ہیرو یعنی فواد خان کے کردار کی پیشکش کی گئی تھی جو میں نے نہیں قبول کی۔
سینئر اداکار نے کہا کہ مجھے چھوٹی اسکرن پر ابھی تک کوئی اسکرپٹ زیادہ اچھا نہیں لگا، کوئی ڈرامہ آیا تو میں ضرور کروں گا لیکن ابھی تک کوئی متاثر کن کہانی آئی نہیں۔