09 اکتوبر ، 2024
انگلش فاسٹ بولر اولی اسٹون اپنی شادی کرنے کیلئے پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیسٹ سیریز ادھوری چھوڑ کر وطن واپس روانہ ہوگئے۔
اولی اسٹون پاکستان کے خلاف 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کیلئے پاکستان میں موجود تھے، تاہم ملتان میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ میں انہیں انگلش ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا۔
فاسٹ بولر اسٹون کی شادی یہ سریز شروع ہونے سے کئی عرصہ قبل طے ہوگئی تھی، بعد ازاں پاک انگلینڈ سیریز کا شیڈول جاری ہوا تو ان کے لیے مشکل فیصلہ تھا کہ وہ سیریز کے دوران شادی کے لیے واپس وطن جائیں یا نہیں ۔
تاہم بدھ کو اولی اسٹون انگلینڈ روانہ ہوگئے، ان کی شادی ہفتے 12اکتوبر کو طے ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اولی اسٹون نے کہا کہ ان کی منگیتر شادی کو ری شیڈول کرنے کو تیار تھیں لیکن میں نے اصرار کیا کہ جس تاریخ کو شادی طے ہے، اسی دن ہم شادی کریں گے۔
رپورٹس کے مطابق اولی اوسٹن 15 اکتوبر سے شروع ہونے والے دوسرے پاک انگلینڈ ٹیسٹ کے لیے واپس پاکستان آجائیں گے اور انگلش ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔
واضح رہے کہ ملتان ٹیسٹ کے تیسرے روز انگلینڈ کی پاکستان کے 556 رنز کے جواب میں پہلی اننگز میں بیٹنگ جاری ہے اور انگلینڈ نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 492 رنز بنا لیے ہیں۔
انگلینڈ کوپاکستان کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید 64 رنز درکار ہیں۔جوروٹ 176 اور ہیری بروک 141 رنزبناکرکریزپرموجود ہیں۔