10 اکتوبر ، 2024
کراچی: گلبرگ میں تین سالہ بچی کی پھندا لگی لاش ملنے کے واقعے میں گرفتار ملزم نے اعتراف جرم کرلیا۔
پولیس کے مطابق واقعے کے بعد گرفتار کیے جانے والے ملزم رکشہ ڈرائیور نصیر نے بچی کو گلے میں پھندا لگاکر قتل کیا جس کا اس نے اعتراف کیا ہے۔
پولیس کے مطابق بچی کو قتل کرنے کے بعد لاش بوری میں ڈال کر گلی میں پھینک دی، گرفتار ملزم کی سی سی ٹی وی تصویر بھی ملی ہے جس میں ملزم کو بچی کو بورے میں لے جاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ پوسٹ مارٹم میں بچی سے زیادتی کی تصدیق ہوئی ہے اور ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔
واضح رہےکہ کراچی کے علاقے گلبرگ سے 9 اکتوبر کی صبح 3 سالہ بچی کی لاش ملی تھی جو گھر سے کچھ فاصلے پر ہی ملی، بچی صبح اسکول جانے کے لیے نکلی تھی جسے ملزم نے زیادتی کا نشانہ بناکر قتل کردیا۔