Time 10 اکتوبر ، 2024
دنیا

اسرائیلی فوج کی شمالی غزہ میں بچوں کے آخری اسپتال کو بھی تباہ کرنے کی دھمکی

اسرائیلی فوج نے غزہ میں بچوں کے آخری اسپتال کو بھی تباہ کرنے کی دھمکی دے ڈالی۔

اسرائیلی فوج نے غزہ کے کمال عدوان اسپتال کو 24 گھنٹے میں خالی نہ کرنے کی صورت میں الشفا اسپتال کی طرح تباہ کرنے کا کہہ دیا۔ 

اسی معاملے پر جیو نیوز نے کمال عدوان اسپتال کے نرسنگ ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عید صباح سے گفتگو کی جن کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج نے اسپتال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر حسام ابو صفیہ سے رابطہ کیا اور ان کو 24 گھنٹے کے اندر اسپتال خالی کرنے کی دھمکی دی۔ 

اسرائیلی فوج کی جانب سے کہا گیا کہ اگر ایسانہ کیا گیا تو وہی کچھ ہو گا جو الشفا اسپتال کے ساتھ ہوا تھا۔ 

واضح رہے کہ کمال عدوان اسپتال شمالی غزہ کا واحد اسپتال ہے جو بچوں کا علاج کرتا ہے، یہ اسپتال بچوں کے لیے انتہائی نگہداشت، نرسری اور بچوں کے ڈائیلاسز کا شعبہ ہے۔ 

ڈاکٹر عید صباح نے کہا کہ اسپتال کے بند ہوجانے کا مطلب بہت سے معصوم شہریوں، خواتین اور بچوں کی جانوں کا ضیاع ہے،  اسرائیلی فوج نے براہ راست ڈاکٹر حسام کو اسپتال خالی کرنے کی دھمکی دی ہے، اگر اسپتال کو خالی نہ کیا گیا تو وہاں موجود عملے اور مریضوں کو قتل اور گرفتار کرنے کی واضح دھمکی ہے، جیسا اس سے پہلے الشفا اسپتال کے ساتھ ہوا تھا۔

مزید خبریں :