Time 10 اکتوبر ، 2024
انٹرٹینمنٹ

نازیہ اور زوہیب حسن کے مشہور میوزک البم سے رتن ٹاٹا کا کیا تعلق تھا؟

نازیہ اور زوہیب حسن کے مشہور میوزک البم سے رتن ٹاٹا کا کیا تعلق تھا؟
زوہیب حسن کے مطابق مسٹر ٹاٹا اس بات کی زندہ مثال تھے کہ کوئی عظیم کاروباری شخص ہونے کے ساتھ ساتھ اچھا انسان بھی ہوسکتا ہے، فوٹو: زوہیب حسن فیس بک

پاکستان کی معروف گلوکارہ نازیہ حسن کے بھائی گلوکار  زوہیب حسن نے معروف بھارتی صنعت کار  رتن ٹاٹا کے  انتقال پر ان سے جڑی یادیں سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں۔

فیس بک پوسٹ میں زوہیب حسن نے پرانی یادوں کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ ایک دن ان کی والدہ نے بتایا کہ مسٹر رتن نامی ایک صاحب کی فون کال ہے جو  آپ دونوں ( نازیہ اور زوہیب) سے بات کرنا چاہتے ہیں۔

زوہیب نے بتایا کہ نازیہ سے فون پر بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ رتن بات کر رہے ہیں اور ایک میوزک کمپنی شروع کرنا چاہتے ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ آپ دونوں ہماری کمپنی کے لیے ایک البم ریکارڈ کروائیں۔

زوہیب حسن کے مطابق نازیہ نے والدہ سے اس بارے میں پوچھا تو انہوں نے جمعےکو آنے کو کہا جس پر نازیہ نے انہیں کہا کہ آپ  جمعےکو  ہمارے گھر  ویمبلڈن (انگلینڈ)  آسکتے ہیں۔

گلوکار کے مطابق جمعے کے روز  ایک  دراز قد اور عمدہ لباس میں ملبوس شخص ہمارے گھر آیا، جس کا لہجہ انتہائی نرم اور مسکراہٹ سے بھرپور تھا۔

زوہیب  کا کہنا تھا کہ ان کی باتوں نے ہمیں بہت متاثر کیا،  ہمیں ان کے بارے میں نہیں معلوم تھا اور نہ انہوں نے اپنے بارے میں زیادہ کچھ بتایا، صرف اتنا کہا کہ اگر آپ لوگ راضی ہیں تو ہم البم کی تیاری پر کام کرتے ہیں، معاہدے کے لیے اپنے والدین اور  وکیل سے مشورہ کرنا، اگر کسی چیز پر اختلاف ہو تو  براہ راست مجھ سے رابطہ کرنا۔

زوہیب حسن کے مطابق اس کے بعد پھر جو ہوا وہ تاریخ کا حصہ ہے،  ہم نے ینگ ترنگ البم تیار کیا جس میں  ممکنہ طور پر بھارت اور جنوبی ایشیا کی  پہلی میوزک ویڈیوز شامل تھیں۔ اس کے بعد بھارتی ٹیلی ویژن نے وہ  میوزک ویڈیوز نشر کیں تو اس نے ڈسکو دیوانے البم کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔اس  کے بعد ہماری ممبئی کے تاج ہوٹل میں رتن ٹاٹا سے ملاقات  ہوئی  تو ہمیں پتہ چلا کہ  یہ عظیم آدمی کون تھا۔ تب تک ہمیں ان کے بارے میں کچھ نہیں معلوم تھا۔

زوہیب حسن نے مزید بتایا کہ البم کی لانچ کے بعد انہوں نے نازیہ اور مجھے اپنےگھر کھانے  پر مدعو کیا،  ہمیں لگتا تھا کہ وہ  ایک محل میں رہتے ہوں گے لیکن جب ہم ان کےگھر پہنچے تو اس بات پر حیران ہوئےکہ بھارت کے سب سے بڑے صنعت کار کا رہائشی مکان اتنا سادہ تھا، ایک چھوٹا 2 بیڈ کا فلیٹ تھا۔ کھانا بھی سادہ تھا جسے آج بھی میں کبھی نہیں بھول سکتا۔

زوہیب  حسن کے مطابق مسٹر ٹاٹا اس بات کی زندہ مثال تھے کہ کوئی عظیم کاروباری شخص ہونے کے ساتھ ساتھ اچھا انسان بھی ہوسکتا ہے، ان کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔

مزید خبریں :