Time 12 اکتوبر ، 2024
پاکستان

کراچی ائیرپورٹ کے قریب خودکش دھماکے کی ابتدائی رپورٹ انسداد دہشتگردی عدالت میں جمع

کراچی ائیرپورٹ کے قریب خودکش دھماکے کی ابتدائی رپورٹ انسداد دہشتگردی عدالت میں جمع
خودکش دھماکا آؤٹر ٹرمینل جناح انٹرنیشنل ٹرمینل کے قریب سی اے اے گارڈ روم کے سامنے ہوا تھا: رپورٹ/ فوٹو اے پی

کراچی میں 6 اکتوبر کو ائیرپورٹ کے قریب دھماکے کی ابتدائی رپورٹ انسداد دہشتگردی عدالت میں جمع کرادی گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خودکش دھماکے میں کالعدم تنظیم ملوث ہے اور دہشتگردوں نے ملک دشمن غیر ملکی خفیہ ایجنسی کی مدد سے دھماکا کیا۔

رپورٹ کے مطابق نامعلوم دہشتگرد نے اپنی گاڑی کو چینی باشندوں کے کانوائے کی گاڑیوں کے قریب لاکر دھماکا کیا، خودکش دھماکا آؤٹر ٹرمینل جناح انٹرنیشنل ٹرمینل کے قریب سی اے اے گارڈ روم کے سامنے ہوا تھا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہےکہ پولیس دھماکے کی آواز سن کر موقع پر پہنچی اور دیکھا کہ پولیس ، رینجرز اور  دیگر افراد زخمی حالت میں موجود تھے، دھماکے میں دو چینی باشندوں سمیت تین افراد جاں بحق  اور 12 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے،   دھماکے میں 15 گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوئیں،  جب کہ  خودکش دھماکے کی ذمہ داری کالعدم تنظیم نے قبول کرلی ہے۔

رپورٹ کے مطابق واقعے کا مقدمہ تھانہ ائیرپورٹ کے ایس ایچ او کی مدعیت میں سی ٹی ڈی تھانے میں درج کیا گیا ہے جس میں قتل، اقدام قتل، حملہ، دھماکا خیز مواد  اور دہشتگردی سمیت دیگر دفعات شامل ہیں۔

مزید خبریں :