12 اکتوبر ، 2024
ملتان ٹیسٹ میں انگلینڈ کے ہاتھوں ایک اننگز اور 47 رنز کی بدترین شکست کے بعد کرکٹر احمد شہزاد نے قومی ٹیم کو بالی وڈ فلم لگان دیکھنے کا مشورہ دے دیا۔
اپنے وی لاگ میں انگلینڈ کے ہاتھوں بدترین شکست پر احمد شہزاد نے قومی ٹیم کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔
احمد شہزاد نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کو مشورہ دیا کہ وہ بالی وڈ فلم لگان دیکھیں تاکہ جذبہ حاصل کرسکیں۔
احمد شہزاد کا کہنا تھا کہ لگان فلم میں دکھایا گیا کہ لوگ انگلش ٹیم کے خلاف میچ جیتنا چاہتے ہیں تاکہ وہ لگان یعنی ٹیکس ادا کرنے سے بچ سکیں، لیکن پاکستانی ٹیم کو لگان نہیں دینا پڑتا کیونکہ پی سی بی یہ ادا کرتا ہے۔
انہوں نے مزیدکہا کہ ٹیم میں تبدیلیاں ناگزیر ہیں، سوشل میڈیا کے ذریعے قوم کو مزید بیوقوف نہیں بناسکتے، سلیکٹرز اور چیئرمین کو نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینا پڑےگا۔
خیال رہے کہ لگان فلم کا شمار بالی وڈ کی کامیاب فلموں میں ہوتا ہے جس میں مرکزی کردار اداکار عامر خان نے ادا کیا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ بھی ملتان میں ہی کھیلا جائے گا، انگلینڈ کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔