13 اکتوبر ، 2024
متحدہ عرب امارات کے شہر العین سے اسلام آباد کے لیے پی آئی اے کی پرواز میں ائیر پریشر کم ہونے کی شدید فنی خرابی پیدا ہوئی جس پر پائلٹ نے ایمرجنسی ڈیکلیئر کرتے ہوئے کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کی۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق قومی ائیر لائن پی آئی اے کی پرواز پی کے 144 نے العین سے رات پونے 2 بجے اسلام آباد کے لیے ٹیک آف کیا، صبح سوا 4 بجے پرواز پاکستان کی فضائی حدود میں کوئٹہ کے قریب تھی کہ ائیر بس اے 320 طیارے کے ہائیڈرولک سسٹم میں فنی خرابی پیدا ہوئی۔
ذرائع کے مطابق مبینہ طور پر سسٹم میں ایرر کی وجہ سے طیارے نے بلندی کھونا شروع کردی اور پرواز 35 ہزار فٹ کی بلندی سے چند منٹ میں11 ہزار فٹ پر آگئی۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ پائلٹ نے ائیر ٹریفک کنٹرول کراچی سے رابطہ کرکے ہنگامی صورتحال سے آگاہ کیا اور 11 ہزار فٹ کی نچلی اڑان اور کم رفتار سے پرواز کرتے ہوئے طیارے کا رخ کراچی کی طرف کر دیا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ اس دوران پائلٹ نے صبح 4 بجکر 51 منٹ پر ریڈار پر بھی ہنگامی صورتحال کے سگنل دیے، طیارے نے صبح 5 بج کر 24 منٹ پر کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر باحفاطت ہنگامی لینڈنگ کی۔
ذرائع کے مطابق طیارے کو گراؤنڈ کر دیا گیا ہے جبکہ مسافروں کو متبادل ذریعے سے منزل تک پہنچانے کا انتظام کیا گیا ہے۔