Time 14 اکتوبر ، 2024
پاکستان

میری جان عمران خان سے زیادہ قیمتی نہیں، 15 اکتوبرکو احتجاج کی قیادت خود کرونگا: حماد اظہر

میری جان عمران خان سے زیادہ قیمتی نہیں، 15 اکتوبرکو احتجاج کی قیادت خود کرونگا: حماد اظہر
اگر مجھے اس مرد قلندر کیلئے ، پاکستان کیلئے اور اللہ کی زمین کیلئے اپنی جان کا نذرانہ دینا پڑا تو میں دوں گا : رہنما پی ٹی آئی کا ویڈیو بیان/فوٹوفائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے رہنما حماد اظہر کا کہنا ہے کہ میری جان عمران خان سے زیادہ قیمتی نہیں 15 اکتوبر کو احتجاج کی قیادت خود  کروں گا۔

ایکس ( ٹوئٹر ) پر جاری ویڈیو پیغام میں پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے کہا کہ ’ سب سے زیادہ خطرہ مجھے ہے،کہا جاتا ہے کہ اگر میں گرفتار ہوا تو مجھے قتل کردیا جائےگا یا پھر بدترین تشدد کا نشانہ بنایہ جائے گا لیکن میری جان عمران خان کی جان سے زیادہ قیمتی نہیں ہے، اگر مجھے  اس مرد قلندر کیلئے ، پاکستان کیلئے اور اللہ کی زمین کیلئے اپنی جان کا نذرانہ دینا پڑا تو میں دوں گا۔

 رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ  اگر  عمران خان تک ہمیں رسائی نہیں دی جاتی تو میں 15 اکتوبر کو  خود باہر نکل کر  احتجاج  کی قیادت  کروں گا اس احتجاج میں  میں اکیلا نہیں ہوں گا، پر عزم اور محبت وطن  عوام کا سمندر میرے ساتھ ہوگا۔

حماد اظہر نے  مزید کہا کہ عمران خان ہماری ریڈلائن ہے  جو  اس قوم کو مایوسی اور دلدل سے نکال سکتا ہے  ، پی ٹی آئی کے تمام ٹکٹ ہولڈر اور عہدیدار 15 اکتوبر کو اسلام آباد پہنچیں  اور جو  نہیں پہنچے گا وہ اس دن کے بعد ٹکٹ ہولڈر اور عہدیدار نہیں رہے گا ۔

خیال رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کا سربراہی اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگا جس میں چین، روس اور بھارت سمیت دیگر ممالک کے سربراہان اور نمائندے شریک ہوں گے۔

پی ٹی آئی نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر 15 اکتوبر کو ڈی چوک میں احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے، تحریک انصاف نے شرط لگا رکھی ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرادو، 15 اکتوبر کو ڈی چوک پر احتجاج ملتوی کردیں گے تاہم حکمران جماعت ن لیگ نے پی ٹی آئی کا مطالبہ مسترد کردیا۔

اُدھر شنگھائی کانفرنس کے موقع پر ڈی چوک میں احتجاج پر تحریک انصاف کے اندر سے بھی آوازیں اٹھ گئی ہیں۔


مزید خبریں :