14 اکتوبر ، 2024
ممبئی: بھارتی سیاستدان اور ریاست مہاراشٹرا کے سابق وزیر بابا صدیقی کے قتل میں ملوث ایک شوٹر کی انسٹاگرام پر 80 دن قبل کی گئی پوسٹ وائرل ہوگئی۔
12 اکتوبر کو ریاست مہاراشٹرا کے سابق وزیر اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے رہنما بابا صدیقی کو ممبئی میں قتل کردیا گیا تھا جس کی ذمہ داری سلمان خان پر حملہ کرنے والے لارنس بشنوئی گینگ نے قبول کی ہے، اس سلسلے میں پولیس نے حملہ کرنے والے 2 شوٹرز کو بھی گرفتار کیا ہے جب کہ ایک شوٹر فرار ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فرار ملزم شیو کمار گوتم نے انسٹاگرام پر واقعے سے 80 روز قبل ایک تصویر پر کیپشن لکھا تھا جو اب وائرل ہورہا ہے۔
تصویر میں شیو کمار موٹرسائیکل کے سہارے کھڑا ہے اور تصویر کے کیپشن میں درج ہے 'یار تیرا گینگسٹر ہے جانی'۔
شیو کمار گوتم کی جانب سے یہ پوسٹ 24 جولائی کو انسٹاگرام پر شیئر کی گئی۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ہونے والے 2 مشتبہ افراد ہریانہ سے تعلق رکھنے والا 23 سالہ گرو میل بلجیت سنگھ اور اتر پردیش سے تعلق رکھنے والا 19 سالہ دھرم راج کشیپ شامل ہیں۔
واضح رہے کہ بابا صدیقی کی جانب سے بالی وڈ ستاروں کو ہر سال ماہ رمضان میں افطار پارٹی پر مدعو کیاجاتا تھا اور ان کے افطار نے ہی ماضی میں ایک دوسرے کے حریف سمجھے جانے والے شاہ رخ خان اور سلمان خان کو قریب کیا، یہ تعلق اب اچھی دوستی میں بدل گیا ہے۔