14 اکتوبر ، 2024
بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لیے آتشبازی پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق دہلی پلوشن کنٹرول کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ آتش بازی کے سامان کی تیاری، اسے ذخیرہ کرنے ، فروخت کرنے اور استعمال کرنے پر مکمل پابندی ہوگی اور یہ کہ اس حکم کا مقصد آلودگی کی سطح کو کم کرنا ہے۔
یہ پابندی ایسے وقت میں عائد کی گئی ہے جب دو ہفتے بعد یکم نومبر کو دیوالی کا تہوار منایا جانا ہے اور آتشبازی اس تہوار کا اہم حصہ سمجھی جاتی ہے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق گزشتہ برسوں میں آتشبازی پر مختلف پابندیاں لگائی جاتی رہی ہیں لیکن ان پر عملدرآمد نہ ہونے کے برابر رہا اور پولیس اکثر مذہبی جذبات کا خیال کرتے ہوئے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے سے گریز کرتی ہے۔
2020 کی ایک رپورٹ کے مطابق 2019 میں نئی دہلی میں فضائی آلودگی کی وجہ سے تقریباً ساڑھے 17 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔