15 اکتوبر ، 2024
سندھ ہائی کورٹ نے بلوچ یکجہتی کمیٹی کی سربراہ ماہ رنگ بلوچ کو گرفتار کرنے سے روکتے ہوئے ان کیخلاف درج مقدمہ معطل کرنے کا حکم دے دیا۔
سندھ ہائی کورٹ میں بلوچ یکجہتی کمیٹی کی سربراہ ماہ رنگ بلوچ پر مقدمہ ختم یا معطل کرنے سے متعلق درخواست پر سماعت میں جسٹس صلاح الدین پنہور نے سوال کیا کہ درخواست گزار کہاں جا رہی تھیں؟ وکیل نے بتایا ماہ رنگ بلوچ امریکا جا رہی تھیں۔
عدالت نے پوچھا، کیا درخواست گزار کا نام ای سی ایل میں شامل ہے؟ وکیل نے جواب دیا درخواست گزار کا نام نہ ای سی ایل میں ہے اور نہ ہی پی این آئی ایل میں شامل ہے۔
ماہ رنگ بلوچ کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کی موکل کیخلاف ایف آئی آر بطور انتقامی کارروائی درج کی گئی ہے۔
عدالت نے ماہ رنگ بلوچ کو گرفتار کرنے اور ہراساں کرنے سے روکتے ہوئے سندھ حکومت، آئی جی سندھ، ایس ایس پی ملیر اور ایس ایچ او قائدآباد سے 21 اکتوبر تک جواب طلب کرلیا۔