16 اکتوبر ، 2024
بالی وڈ میں اداکاری کے بادشاہ شاہ رخ خان کی بھارتی سیاستدان بابا صدیقی کی نماز جنازہ میں غیر موجودگی کی وجہ سامنے آ گئی۔
شاہ رخ خان نے لارنس بشنوئی گینگ کے ہاتھوں قتل کیے جانے بھارتی سیاستدان بابا صدیقی سے دوستانہ تعلقات ہونے کے باوجود بھی ان کی نماز جنازہ میں شرکت نہیں کی تھی جس حوالے سے مداحوں میں بھی تشویش تھی۔
اب بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ میں اداکار کے قریبی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ شاہ رخ خان نے بابا صدیقی کے قتل کیس اور سیاست سے خود کو دور رکھنے کے لیے نماز جنازہ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس کیس کو پہلے ہی سلمان خان اور شاہ رخ خان سے جوڑا جارہا ہے کیونکہ بابا صدیقی کے ان دونوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات تھے۔
رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان یہ جانتے ہیں کہ لارنس بشنوئی گینگ کا سرکٹ کیسے کام کرتا ہے اس لیے وہ کوئی نقصان نہیں اٹھانا چاہتے۔
خیال رہے کہ 2008 میں شاہ رخ خان اور سلمان خان کے درمیان تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے اور بعد ازاں یہ کشیدگی 2013 میں بابا صدیقی کی مشہور سالانہ افطار پارٹی میں ختم ہوئی تھی۔
بھارتی سیاستدان بابا صدیقی کو 12 اکتوبر کو ممبئی کے علاقے باندرہ میں ان کے بیٹے ذیشان صدیقی کے دفتر کے باہر گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا، ان کی نماز جنازہ کی ادائیگی اور تدفین 13 اکتوبر کو سرکاری اعزاز کے ساتھ کی گئی۔