18 اکتوبر ، 2024
بدنام زمانہ بھارتی گینگسٹر لارنس بشنوئی نے دیرینہ دشمنی ختم کرنے کے لیے بالی وڈ کے اسٹار سلمان خان سے بھاری رقم کا مطالبہ کردیا۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بشنوئی گینگ نے دشمنی ختم کرنے کے لیے سلمان خان سے 5 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا ہے، بھارتی سیاسی رہنما بابا صدیقی کے قتل کے بعد بالی وڈ کے دبنگ کی جان کو لاحق خطرات میں اضافہ ہوگیا ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مبینہ طور پر لارنس بشنوئی گینگ کے ایک رکن کی جانب سے ممبئی ٹریفک پولیس کو واٹس ایپ پیغام موصول ہوا ہے جس میں اداکار کو جانے سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہے۔
اس پیغام میں کہا گیا ہے کہ اگر سلمان خان زندہ رہنا چاہتے ہیں اور دیرینہ دشمنی ختم کرنا چاہتے ہیں تو 5 کروڑ روپے ادا کریں، اس دھمکی کو ہلکا نہ لیں، بصورت دیگر اداکار کا حال مہاراشٹرا کے سابق وزیر بابا صدیقی سے بھی بدتر ہو گا جنہیں حال ہی میں بشنوئی گینگ نے گولی مار کر قتل کردیا تھا۔
ممبئی پولیس نے اس معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور سلمان خان کی رہائش گاہ کے ارد گرد سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب سلمان خان کو بشنوئی گینگ کی طرف سے جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی ہو، 2022 میں اداکار کو دھمکی آمیز خط ان کی رہائش گاہ کے قریب ایک بینچ سے ملا تھا اور مارچ 2023 میں مبینہ طور پر گینگ کے ارکان کی طرف سے ایک ای میل بھیجی گئی تھی۔
جنوری 2024 میں دو نامعلوم افراد نے جعلی شناخت کا استعمال کرتے ہوئے سلمان خان کے پنویل فارم ہاؤس میں گھسنے کی کوشش کی تھی جس کے بعد اداکار کی سکیورٹی مزید سخت کردی گئی تھی۔
لارنس بشنوئی کون اور سلمان خان کو کیوں قتل کرنا چاہتا ہے؟
بھارتی میڈیا کے مطابق اس دشمنی کا آغاز 1998 میں بالی وڈ کی کامیاب ترین فلم ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ کی شوٹنگ کے دوران راجستھان کے ایک گاؤں میں 2 نایاب کالے ہرنوں کے شکار سے ہوا جس کے بعد سے سلمان خان کو بشنوئی گینگ اور ان کے افراد کی جانب سے مسلسل دھمکیوں کا سامنا ہے۔
2018 میں جودھ پور کی عدالت نے کالے ہرن کے کیس میں سلمان خان کو 5 سال قید کی سزا سنائی تھی تاہم بعد میں انہیں ضمانت دے دی گئی لیکن اس کے بعد سے بشنوئی برادری دبنگ اسٹار کی دشمن بنی ہوئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کالے ہرن بشنوئی کمیونٹی کے لیے کافی اہمیت کے حامل ہیں۔
بشنوئی برادری راجستھان کے تھر کے صحرائی علاقے میں آباد ہے اور ان کا تعلق ایک ایسے ہندو مسلک سے ہے جو پیڑ، پودوں اور جانوروں کی عبادت کرتے ہیں یعنی بنیادی طور پر یہ لوگ سبزی خور ہوتے ہیں اور جانوروں کی حفاظت کے لیے اپنی جان بھی دے سکتے ہیں، راجستھان کے گاؤں بشنوئی کے لوگ کالے ہرن کی تعظیم کرتے ہیں ۔
انڈین وائلڈ لائف ایکٹ کے مطابق کالے ہرن کا شکار غیرقانونی ہے جس کی زیادہ سے زیادہ سزا 6 سال قید ہے۔