18 اکتوبر ، 2024
امیر قطر کی والدہ نے فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار کی شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
ایکس پر ایک بیان میں امیر قطر تمیم بن حمد آل ثانی کی والدہ شیخہ موزا بنت ناصر نے یحییٰ سنوار کی شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئےکہا کہ یحییٰ نام کا مطلب ہے وہ جو زندہ ہے، انہوں نے اسے مردہ سمجھا لیکن وہ زندہ ہے۔ اپنے نام یحییٰ بن زکریا علیہ السلام کی طرح زندہ رہےگا اور وہ ختم ہو جائیں گے۔
خیال رہے کہ حماس نے اسرائیلی حملے میں یحییٰ سنوار کی شہادت کی تصدیق کردی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق غزہ میں حماس کے نائب سربراہ خلیل الحیہ نے تصدیق کی ہےکہ یحییٰ سنوار اسرائیلی فورسز سے بہادری کے ساتھ لڑتے ہوئے جام شہادت نوش فرما گئے ہیں۔
خلیل الحیہ کا کہنا تھا کہ یحییٰ سنوار کی شہادت سے فلسطینی مزاحمتی تحریک نے مزید جوش پکڑلیا ہے، یحییٰ سنوار کی شہادت غاصب اسرائیل کے لیے تباہی کا پیغام ثابت ہوگی۔ یحییٰ سنوار شہادت کے عظیم مقام پر فائز ہوئے، وہ اپنی آخری سانس تک قابض فوج کے سامنے ڈٹے رہے اور دشمن سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے، یحییٰ سنوار ہمارے عظیم شہدا اور قائدین کے قافلےکا تسلسل تھے، جنہوں نے اپنی زندگی قوم کے لیےقربان کر دی۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے گزشتہ روز دعویٰ کیا گیا تھا کہ انہوں نے غزہ میں ایک عمارت کو نشانہ بنایا جس میں حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار بھی موجود تھے۔
بعد ازاں اسرائیلی وزیر خارجہ کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ رفح میں عمارت پر کیے جانے والے حملے میں حماس سربراہ یحییٰ السنوار کی ہلاکت کی تصدیق ہو گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 16 اکتوبر کو اسرائیلی فورسز جب رفح کے علاقے میں آپریشن کر رہی تھیں تو اس وقت ان پر ایک عمارت سے فائرنگ کی جس کے جواب میں صیہونی فورسز نے ٹینک سے اس عمارت پر فائرنگ اور بمباری کی اور جب عمارت کا جائزہ لینے کے لیے ڈرون کیمرا اندر بھیجا تو ایک شخص تباہ حال عمارت میں زخمی حالت میں صوفے پر بیٹھا تھا۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان کے مطابق آپریشن کے دوران حماس کے 3 کمانڈرز مارے گئے جن میں سے ایک کے بارے میں گمان ہوا کہ وہ یحییٰ سنوار ہیں تاہم اس بات کی تصدیق نہ ہو سکی۔
معاملے کے بارے میں معلومات رکھنے والے امریکی حکام نے اس حوالے سے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے لاش کو تحویل میں لیکر دانتوں کے ریکارڈ اور دیگر بائیو میٹرک معلومات کے ذریعے تصدیق کی کہ حملے میں مارے گئے افراد میں یحییٰ سنوار بھی شامل تھے۔