19 اکتوبر ، 2024
جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو آئینی ترمیم کا حتمی مسودہ دے دیا گیا۔
بلاول بھٹو 24 گھنٹوں میں چوتھی بار مولانا کے گھر پہنچ گئے، اس کے علاوہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، محسن نقوی اور اعظم نذیر تارڑ بھی ان کے گھر موجود ہیں۔
ذرائع کے مطابق حکومت کی طرف سے آئینی ترامیم پر مشاورت کی کوششیں جاری ہیں اور مولانا فضل الرحمان سے آئینی ترامیم پر حتمی مشاورت ہوگی۔
ذرائع نے بتایاکہ وزیراعظم نے مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ پرموجود حکومتی قانونی ٹیم سے رابطہ کیا اور اہم سیاسی امور پر مشاورت کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے آئینی ترامیم پر معاملات پر پیشرفت کا جائزہ لیا جبکہ حکومتی قانونی ٹیم نےمولانا فضل الرحمان سےبات چیت سےمتعلق وزیراعظم کو آگاہ کیا۔
اُدھر وفاقی وزرا نے اب کہنا شروع کردیا کہ اتفاق رائے ہوجائے تو ٹھیک ورنہ حکومت آگے بڑھے گی۔
دوسری جانب قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اجلاس تاحال شروع نہ ہوسکے۔ سینیٹ کا اجلاس رات 8بجے اور قومی اسمبلی کا اجلاس رات ساڑھے نو بجے طلب کیا گیا تھا۔
سینیٹ کا اجلاس شروع ہونے میں دو گھنٹے اور قومی اسمبلی کا اجلاس بھی شروع ہونے میں ایک گھنٹے کی تاخیر ہے۔