22 اکتوبر ، 2024
چیف جسٹس کے عہدے کےلیے جسٹس یحییٰ آفریدی حکومت کی پہلی پسند ہیں جب کہ جسٹس یحییٰ کے انکار کی صورت میں جسٹس امین الدین خان آپشن ہوں گے۔
یہ دعویٰ ایڈیٹر انویسٹی گیشن دی نیوز انصار عباسی کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے کیا گیا ہے۔
دی نیوز سے خصوصی بات چیت میں وزیراعظم شہباز شریف نے اسی سوال پر کہا کہ نئے چیف جسٹس کا فیصلہ خصوصی پارلیمانی کمیٹی کرے گی۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ، صدر آصف علی زرداری اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر ملک سیاسی اور معاشی استحکام کے معاملات پر ایک پیج پر ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئینی ترامیم سیاسی استحکام کو یقینی بنائیں گی اور یہ ملک کے معاشی استحکام کے لیے ضروری ہے۔
واضح رہے کہ چیف جسٹس کی تقرری کے لیے خصوصی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے خصوصی پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
26 ویں آئینی ترمیم کے نفاذ کے بعد چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ آج رات 12 بجے تک تین سینئر ججز کے نام دینے کے پابند ہیں جن میں سے نئے چیف جسٹس کا انتخاب کیا جائے گا۔