22 اکتوبر ، 2024
بلیو اسکائی اور تھریڈز جیسے نئے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے مسابقت بڑھنے کے بعد ایکس (ٹوئٹر) نے ریڈار نامی ایک نیا رئیل ٹائم سرچ ٹول متعارف کرایا ہے۔
یہ ٹول ٹرینڈز کا تجزیہ کرکے صارفین کو رئیل ٹائم میں ابھرتے ٹرینڈز کے بارے میں تفصیلات فراہم کرتا ہے۔
یہ نیا ٹول ایکس کے ماہانہ فیس ادا کرنے والے پریمیئم پلس صارفین کو دستیاب ہوگا۔
اس ٹول کو پہلے انسائیٹس کے نام سے جانا جاتا تھا اور ویریفائیڈ آرگنائزیشنز کے بارے میں تفصیلات فراہم کرتا تھا۔
یہ ٹول اکتوبر کے شروع میں سامنے آیا تھا مگر اب کمپنی کی جانب سے اسے باضابطہ طور پر نئے نام کے ساتھ متعارف کرایا گیا ہے۔
یہ ٹول ٹرینڈز اور مباحثوں کا تجزیہ کرکے صارفین کو یہ فیصلہ کرنے میں مدد فراہم کرے گا کونسا وقت پوسٹ کو زیادہ افراد تک پہنچانے کے لیے بہترین ہوگا۔
پریمیئم پلس کے صارفین کو پہلے ہی مختلف اضافی فیچرز جیسے ویریفائیڈ چیک مارک، پوسٹس ایڈٹ کرنے اور اشتہارات سے پاک ماحول تک رسائی حاصل ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ریڈار ایسا رئیل ٹائم ٹول ہے جس سے آپ کو نئے ابھرتے ٹرینڈز کو سب سے پہلے جاننے کا موقع ملے گا۔
کمپنی کے مطابق یہ اس ٹول کا ابتدائی ورژن ہے اور مستقبل قریب میں اسے مزید بہتر بنایا جائے گا۔