23 اکتوبر ، 2024
زمبابوے نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے بڑا اسکور بنا کر نیا ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا ہے۔
زمبابوے کی ٹیم نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سب ریجنل کوالیفائر میچ میں گیمبیا کے خلاف ریکارڈ 344 رنز بنا ڈالے۔
خیال رہےکہ اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ 314 رنز بنانےکا ریکارڈ نیپال کے پاس تھا جو اس نے گزشتہ سال ایشین گیمز میں منگولیا کے خلاف بنایا تھا۔
نیروبی میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے کی ٹیم نے پہلےکھیلتے ہوئے 4 وکٹوں کے نقصان پر 20 اوورز میں 344 رنز بنائے۔
زمبابوے کےکپتان سکندر رضا نے زمبابوے کی جانب سے پہلی ٹی ٹوئنٹی سنچری اسکور کی۔
سکندر رضا نے 33 گیندوں پر سنچری مکمل کی اور 43 گیندوں پر 133 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، ان کی اننگز میں 15 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔
344 رنز کے جواب میں گیمبیا کی ٹیم 54 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
زمبابوے نے اس میچ میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز کی تاریخ کے کئی ریکارڈز اپنے نام کیے۔
زمبابوے نے گیمبیا کو 290 رنز سے شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز کی سب سے بڑی فتح کا ریکارڈ بنایا۔ اس سے قبل نیپال نے منگولیا کو 273 رنز سے شکست دے کر یہ ریکارڈ بنایا تھا۔
زمبابوے کی اننگز میں مجموعی طور پر ریکارڈ 27 چھکے شامل تھے۔ ٹی ٹوئنٹی میں اس سے قبل سب سے زیادہ 26 چھکے نیپال نے منگولیا کے خلاف لگائے تھے۔
زمبابوے کی اننگز میں مشترکہ ریکارڈ سب سے زیادہ 30 چوکے بھی شامل تھے۔ 2007 میں سری لنکا نے کینیا کے خلاف میچ میں بھی 30 چوکے لگائے تھے۔
زمبابوے کی ٹیم نے مجموعی طور پر 282 رنز باؤنڈریز سے حاصل کیے۔ اس سے قبل مجموعی ٹی ٹوئنٹیز میں باؤنڈریز سے سب سے زیادہ رنز 216 تھے۔ انڈیا کی مشتاق علی ٹرافی میں پنجاب نے آندھرا پردیش کے خلاف 22 چھکے اور 21 چوکوں سے 216 رنز بٹورے تھے جب کہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں باؤنڈریز سے سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ 212 کا نیپال نے منگولیا کے خلاف بنایا تھا۔
سکندر رضا نے اپنی سینچری 33 گیندوں پر مکمل کرکے دوسری مشترکہ تیز ترین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سینچری بنائی۔ اس سے قبل نمیبیا کے جین نکول نے نیپال کے خلاف میچ میں 33 گیندوں پر سینچری بنائی تھی۔