Time 24 اکتوبر ، 2024
انٹرٹینمنٹ

ورلڈ کلچرل فیسٹیول کا 28 واں روز، برطانوی فنکاروں نے "شیکسپئرز فول" کھیل پیش کیا

ورلڈ کلچرل فیسٹیول کا 28 واں روز، برطانوی فنکاروں نے شیکسپئرز فول کھیل پیش کیا
فوٹو: اے سی پی

عالمی ثقافتی میلے کے 28 ویں روز فکری گہرائی میں چھپی مزاحیہ جھلکیوں، شاندار سازوں کی پیشکش اور شیکسپئر کے مشہور کرداروں نے محفل لوٹ لی۔

جنگ اور جیو کے اشتراک سے آرٹس کونسل میں جاری ورلڈ کلچرل فیسٹیول کے دوران مضحکہ خیزی کے پردے میں چھپے گہرے پیغامات پر مبنی رنگا رنگ ملبوسات میں "شیکسپئرز فول" پلے میں برطانوی تھیٹر گروپ نے انسان کی سادہ لوحی میں چھپے دانائی کے پہلوؤں کو اُجاگر کرتے شیکسپئر کے کرداروں کو نہایت دلکش اور منفرد انداز میں پیش کیا۔

ایک طرف شیکسپئر کے مشہور جملے ڈائس سے پیش کیے گئے تو دوسری جانب اسٹیج پر بدلتی روشنیوں میں تھیٹر آرٹسٹوں نے مزاح کے ذریعے سنجیدہ موضوعات کو نہایت خوبصورتی سے بیان کیا۔

ثقافتی میلے میں تھیٹر کے بعد جرمنی اور پاکستان کے فنکاروں کی مشترکہ کاوشوں نے بھی حاضرین کو محبت اور فن کے نئے پہلو دکھائے۔

 برلن اور لاہور کے موسیقاروں نے مل کر دلکش اور مسحورکن دھنیں چھیڑیں، استاد اشرف شریف نے جرمن فنکاروں کے درمیان بیٹھ کر ستار سے سر نکالے۔

جرمن فنکار کرسٹو نے پیانو پر جادوئی انگلیوں کا استعمال کیا اور تھامس نے ڈرم پر شاندار مہارت دکھا کر مشرقی اور مغربی موسیقی کو خوبصورتی سے یکجا کیا۔

آرٹس کونسل کراچی جیواور جنگ کے اشتراک سے 38روزہ ورلڈ کلچر فیسٹیول کے 29ویں دن جہاں امریکی تھیٹر گروپ کی شاندار پرفارمنس ہے تو وہیں متحدہ عرب امارات کے ثقافتی رنگ بھی نظرآئیں گے۔

مزید خبریں :