25 اکتوبر ، 2024
اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان سے وکلا کی ملاقات نہ کرانے کے معاملے پر ایڈووکیٹ جنرل کی یقین دہانی اور پی ٹی آئی وکلا کے اطمینان پر درخواست نمٹا دی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس اعجاز اسحاق نے عمران خان سے وکلا کی ملاقات نہ کرانے کے معاملے پر توہینِ عدالت کی درخواست کی سماعت کی جس سلسلے میں پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران فیصل چوہدری نے بتایا کہ عدالت کی مہربانی سےاجازت ملی اور ہم نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی۔
سماعت کے دوران ایڈوکیٹ جنرل نے بتایا کہ جیل ملاقاتوں پر پابندی میں توسیع نہیں کی جائے گی اور عمران خان سے وکلا کی ملاقاتوں کے عدالتی حکم پر عملدرآمد کرایا جائے گا۔
پی ٹی آئی وکلا کی جانب سے عمران خان کو سہولیات نہ ملنے کی بات پر عدالت نے کہا کہ کیس کے اسکوپ سے باہر نہیں جاؤں گا، آپ الگ درخواست دائر کریں۔
بعد ازاں عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل کی درخواست اور پی ٹی آئی وکلا کے مطمئن ہونے پر توہین عدالت کی درخواست نمٹادی۔