Time 28 اکتوبر ، 2024
انٹرٹینمنٹ

شلپا شیٹھی کے ریسٹورینٹ سے 80لاکھ کی بی ایم ڈبلیو منٹوں میں چوری

شلپا شیٹھی کے ریسٹورینٹ سے 80لاکھ کی بی ایم ڈبلیو منٹوں میں چوری
کار کے مالک نے اپنی بی ایم ڈبلیو کی چابیاں ریسٹورینٹ کے گارڈز کے حوالے کی تھیں/ فائل فوٹو

بالی وڈ اداکارہ شلپا شیٹھی کے ممبئی میں واقع دادار ریسٹورینٹ سے 80 لاکھ بھارتی روپے مالیت کی لگژری گاڑی چوری ہوگئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کار کے مالک اور باندرہ کے تاجر روحان خان نے ریسٹورینٹ کی پارکنگ سے اپنی قیمتی گاڑی چوری ہونے کی ایف آئی آر  ممبئی کے شیواجی پارک پولیس اسٹیشن میں درج کروادی ہے۔

بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ بی ایم ڈبلیو کی چوری کا واقعہ گزشتہ روز ریسٹورینٹ کے باہر پیش آیا جہاں کار کے مالک روحان خان اپنے دوستوں کے ساتھ ریسٹورنٹ میں تھے۔

کار کے مالک نے اپنی بی ایم ڈبلیو کی چابیاں ریسٹورینٹ کے گارڈز کے حوالے کی تھیں جس کے بعد گاڑی کو پارکنگ ایریا میں کھڑا کردیا گیا لیکن  چند منٹ بعد ہی دو ملزمان  گاڑی پارکنگ سے چوری کرکے لے گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریسٹورینٹ سے موصول ہوئی سی سی ٹی وی میں دیکھا گیا کہ گاڑی پارک کرنے کے چند منٹ بعد ہی 2 افراد نے پارکنگ میں جدید ہیکنگ تکنیک استعمال کرتے ہوئے بی ایم ڈبلیو کا دروازہ کھول لیا اور پھر ایک شخص گاڑی ڈرائیو کرکے لے گیا۔

کار کے مالک نے جب گارڈز سے اپنی گاڑی پارکنگ ایریا سے لانے کا کہا تو عملہ  کار  پارکنگ سے غائب ہونے پر حیران رہ گیا اور بعد ازاں سی سی ٹی وی سے نامعلوم افراد  کے گاڑی لےجانے کی تصدیق ہوئی۔

بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ  پولیس گاڑی کی تلاش کررہی ہے تاہم کار کے مالک نے ممبئی کے مہنگے ترین ریسٹورینٹ کی پارکنگ سے  اپنی لگژری گاڑی چوری ہوجانے پر غصے کا اظہار کیا ہے۔

مزید خبریں :