28 اکتوبر ، 2024
بھارت کے بدنام زمانہ گینگ لارنس بشنوئی کی جانب سے بالی وڈ اداکار سلمان خان کو دی جانے والی دھمکیوں پر معروف فیشن ڈیزائنر سیما سچدیو اپنے بچوں کی حفاظت اور ان کی خیریت کے لیے فکر مند ہیں۔
خیال رہےکہ معروف فیشن ڈیزائنر سیما سچدیو بالی وڈ اداکار سلمان خان کے چھوٹے بھائی سہیل خان کی سابقہ اہلیہ ہیں جن سے ان کے دو بچے نروان خان اور یوہان خان ہیں۔
سہیل خان اور سیما کی شادی 1998 میں ہوئی تھی جو کہ بالآخر 2022 میں طلاق پر منتج ہوئی۔
سلمان خان کی سابقہ بھابھی کا کہنا تھا کہ طلاق کہ بعد گوکہ اب وہ آگے بڑھ چکی ہیں تاہم اب بھی میرا خان خاندان سے گہرا تعلق ہے اور مجھے ان سب کی فکر ہے۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹریو میں سیما کا کہنا تھا کہ بشنوئی گینگ کی جانب سے سلمان خان کو دی جانے والی دھمکیوں پر وہ اپنے بچوں نروان اور یوہان کی حفاظت کے لیے بھی فکر مند ہیں۔
واضح رہے کہ سلمان خان پر 1998 میں بالی وڈ کی کامیاب فلم ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ کی شوٹنگ کے دوران راجستھان کے ایک گاؤں میں 2 نایاب کالے ہرنوں کے شکار کا الزام ہے۔
سلمان خان سمیت سیف علی خان اور اداکارہ تبو پر بھی شوٹنگ کے دوران کالے ہرن کا شکار کرنے کا الزام لگایا گیا تھا جس کے بعد سے سلمان خان کو بشنوئی گینگ اور ان کے افراد کی جانب سے مسلسل دھمکیوں کا سامنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق لارنس بشنوئی کمیونٹی کالے ہرن کو مقدس مانتی ہے، بنیادی طور پر یہ لوگ سبزی خور ہیں اور جانوروں کی حفاظت کے لیے اپنی جان بھی دے سکتے ہیں لہٰذا اس واقعے نے سلمان خان اور بشنوئی کمیونٹی کے درمیان دشمنی کو جنم دیا۔
2008 میں دیے گئے ایک انٹرویو میں سلمان خان کالے ہرن کے شکار کے الزام کی تردید کرچکے ہیں جب کہ کالے ہرن کے غیر قانونی شکار کے مبینہ کیس میں انہیں گرفتار بھی کیا جا چکا ہے۔
گزشتہ 26 سالوں کے دوران سلمان کے خلاف یہ کیس کئی بار بند اور متعدد بار کھولا جاچکا ہے تاہم 2016 میں انہیں اس کیس سے بری کر دیا گیا تھا۔
2018 میں جودھ پور کی عدالت نے کالے ہرن کے کیس میں سلمان خان کو 5 سال قید کی سزا سنائی تھی تاہم بعد میں انہیں ضمانت دے دی گئی لیکن اس کے بعد سے بشنوئی برادری سلمان کی دشمن بنی ہوئی ہے اور لارنس بشنوئی گینگ انہیں مختلف مواقع پر دھمکیاں دے چکا ہے۔
لارنس بشنوئی اور ان کا گینگ سلمان خان اور ان کے اہلخانہ کی جانب سے معافی کا خواہشمند ہے، گینگ کا مؤقف ہے کہ سلمان خان ہمارے جذبات سے کھیل رہے ہیں لہٰذا انھیں اور ان کے خاندان کو بشنوئی کمیونٹی سے معافی مانگنی چاہیے۔
یہ معاملہ اس وقت مزید سنجیدہ ہوگیا جب گزشتہ دنوں بشنوئی گینگ نے ممبئی میں معروف سماجی اور سیاسی رہنما بابا صدیقی کے قتل کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ اس کے علاوہ سلمان خان کی رہائش گاہ کے باہر فائرنگ کے واقعات نے بھی ان کی حفاظت کے بارے میں تشویش میں اضافہ کیا ہے۔
حال ہی میں بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں سلمان کے والد سلیم خان نے بیٹے پر کالے ہرن کے شکار سے متعلق لگائے جانے والے الزامات پر ردعمل میں کہا تھا کہ ’سلمان خان بے قصور ہے، وہ کبھی کسی جانور کو تکلیف نہیں پہنچا سکتا‘۔
اس بیان کے بعد گزشتہ ہفتے بشنوئی گینگ کی جانب سے جے پور میں سلمان خان اور سلیم خان کیخلاف احتجاج بھی دیکھنے میں آیا۔