29 اکتوبر ، 2024
بالی وڈ اسٹار سلمان خان کو قتل کی دھمکیاں دینے والے نوجوان کو گرفتار کرلیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی پولیس نے سلمان خان اور بابا صدیقی کے بیٹے ذیشان صدیقی کو قتل کی دھمکیاں دینے والے 20 سالہ نوجوان کو بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر نوائیڈہ سے گرفتار کیا۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ 20 سالہ نوجوان نے جمعے کو ذیشان صدیقی کے لینڈلائن نمبر پر فون کرکے قتل کی دھمکیاں دیں، اس کے علاوہ آڈیو کال بھی کی۔
رپورٹس کے مطابق اسی نوجوان نے سلمان خان کو قتل کی دھمکیاں دیں۔ پولیس نے گرفتار نوجوان کو ممبئی منتقل کردیا جہاں اس سے مزید تحقیقات کی جائیں گی۔
خیال رہے کہ بالی وڈ اسٹار سلمان خان کو بشنوئی گینگ کی جانب سے بھی قتل کی دھمکیاں مل چکی ہیں اور رواں ماہ ہی سلمان خان کے قریبی دوست و مسلم سیاستدان بابا صدیقی کو ممبئی میں قتل کیا گیا ہے۔
بشنوئی گینگ نے بابا صدیقی کے قتل کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ اس کے علاوہ سلمان خان کی رہائش گاہ کے باہر فائرنگ کے واقعات نے بھی ان کی حفاظت کے بارے میں تشویش میں اضافہ کیا ہے۔