30 اکتوبر ، 2024
گوگل کروم دنیا کا مقبول ترین ویب براؤزر ہے مگر وہ ویب سائٹس اوپن کرنے کے لیے بہت زیادہ کمپیوٹر میموری یا ریم استعمال کرتا ہے۔
اس کے نتیجے میں گوگل کروم استعمال کرنے والے افراد کو اکثر کمپیوٹر سست ہونے کا تجربہ ہوتا ہے یا لیپ ٹاپ کی بیٹری لائف کم ہوجاتی ہے۔
اس حوالے سے کمپنی نے فروری 2023 میں میموری سیور نامی فیچر متعارف کرایا تھا جسے اب مزید بہتر بنا دیا گیا ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ چند نئے ٹولز بھی متعارف کرائے گئے ہیں۔
ایک بلاگ پوسٹ میں گوگل نے بتایا کہ میموری سیور میں اب صارفین کو 3 نئے موڈز دستیاب ہوں گے جبکہ ایک نیا پرفارمنس ڈیٹیکشن ٹول بھی متعارف کرایا جا رہا ہے جو ویب براؤزر کے ممکنہ مسائل کی شناخت کرکے ان کے حل کے بارے میں تجاویز فراہم کرے گا۔
کمپنی کے مطابق یہ نیا ٹول براؤزر میں مسائل کو مدنظر رکھ کر حل تجویز کرے گا، جیسے اگر زیادہ ریم کے استعمال سے براؤزر سست ہوگیا ہوگا تو صارف کو اس کے بارے میں پرفارمنس ایشو الرٹ سے آگاہ کرکے ایک 'فکس ناؤ' آپشن دیا جائے گا۔
صارفین اس ٹول کو کروم سیٹنگز میں جاکر ڈس ایبل کرسکیں گے۔
گوگل نے بتایا کہ میموری سیور موڈ میں بھی تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔
خیال رہے کہ میموری سیور موڈ کروم براؤزر میں اوپن ٹیبز کو 'سلانے' کا کام کرتا ہے جس سے میموری کی بچت ہوتی ہے۔
گوگل کی جانب سے میموری سیور میں 3 نئے آپشنز موڈریٹ، بیلنس اور میکسیمم کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔
موڈریٹ میموری سیونگز کے آپشن کا انتخاب کرنے پر ٹیبز کو ان ایکٹیو ہونے میں زیادہ وقت لگے گا۔
اسی طرح بیلنس میموری سیونگز موڈ معتدل دورانیے کے بعد کروم ٹیبز کو غیر فعال کر دے گا۔
میکسیمم میموری سیونگز موڈ بہت جلد ٹیبز کو ان ایکٹیو کردے گا۔
یہ موڈ میموری یوز ایج کو بہت کم کر دے گا مگر ٹیبز کو بار بار ری لوڈ کرنے کی ضرورت ہوگی۔
گوگل کی جانب سے دیگر آپشنز بھی صارفین کو فراہم کیے جا رہے ہیں جیسے وہ اپنی پسند کی ویب سائٹس کو ہمیشہ ایکٹیو رکھ سکیں گے یا ان ایکٹیو ٹیبز کے گرد نکتوں پر مبنی سرکل نظر آئے گا جس سے عندیہ ملے گا کہ یہ ٹیبز خوابیدہ ہیں۔