Time 31 اکتوبر ، 2024
سائنس و ٹیکنالوجی

واٹس ایپ چیٹس کے لیے ایک کارآمد فیچر پر کام جاری

واٹس ایپ چیٹس کے لیے ایک کارآمد فیچر پر کام جاری
ایک رپورٹ میں اس بارے میں بتایا گیا / فائل فوٹو

واٹس ایپ کی جانب سے مسلسل متعدد نئے اور دلچسپ فیچرز پر کام جاری رہتا ہے تاکہ صارفین کو دیگر سروسز کا رخ نہ کرنا پڑے۔

اسی مقصد کے لیے واٹس ایپ میں اپریل 2024 میں چیٹ فلٹرز کا فیچر صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا تھا۔

اس فیچر کے تحت واٹس ایپ میں آل، ان ریڈ (unread)، فیورٹس اور گروپس کے نام سے 4 چیٹ فلٹرز صارفین کو دستیاب ہیں۔

اب میٹا کی زیر ملکیت میسجنگ ایپ کی جانب سے اس فیچر کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔

WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق چیٹ فلٹرز کے لیے بیج کاؤنٹ فیچر پر کام کیا جا رہا ہے۔

اس فیچر کا اشارہ اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے واٹس ایپ کے نئے بیٹا (beta) ورژن میں ملا ہے۔

اس نئے فیچر سے صارفین کو یہ جاننے میں مدد ملے گی کہ ہر چیٹ فلٹر میں کتنے ایسے میسجز موجود ہیں جن کو وہ اب تک پڑھ نہیں سکے۔

خیال رہے کہ واٹس ایپ کی جانب سے کاسٹیوم چیٹ فلٹرز کے فیچر پر بھی کام کیا جا رہا ہے جو مستقبل میں کسی وقت صارفین کو دستیاب ہوگا۔

کاسٹیوم چیٹ فلٹرز کے فیچر میں صارفین کو اپنی مرضی سے نئے چیٹ فلٹرز تیار کرنے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

کاسٹیوم چیٹ فلٹرز کے ساتھ اس نئے بیج کاؤنٹ فیچر سے صارفین کو زیادہ مدد مل سکے گی کیونکہ انہیں مختلف فلٹرز میں موجود ان ریڈ میسجز کی تعداد ایک نظر میں معلوم ہو جائے گی۔

مثال کے طور پر آپ نے گھر والوں یا دفتر کے ساتھیوں کے لیے چیٹ فلٹر تیار کیا ہے تو اس پر نظر ڈالنے سے معلوم ہو جائے گا کہ ان کی جانب سے بھیجے گئے کتنے میسجز کو آپ پڑھ نہیں سکے ہیں۔

یہ فیچر ان افراد کے لیے زیادہ کارآمد ثابت ہوگا جن کے کانٹیکٹس کی تعداد بہت زیادہ ہوتی ہے۔

جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ ابھی اس فیچر کا اشارہ بیٹا ورژن میں ملا ہے تو یہ کہنا مشکل ہے کہ اسے کب تک تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جاسکتا ہے۔

مزید خبریں :