31 اکتوبر ، 2024
سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے پی آئی اے کی خریداری کے لیے صرف ایک بولی دہندہ کے سامنے آنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ایک بیان میں رضا ربانی کا کہنا تھا کہ نجکاری کمیشن نے 6 کمپنیوں کو شارٹ لسٹ کیا تھا لیکن ان میں سے صرف ایک سامنے آئی، نجکاری کمیشن نے پارلیمنٹ کو نہيں بتایا کہ کن شرائط پربولی کی پیشکش کی گئی ہے۔
رضا ربانی کا کہنا تھا کہ نہ ہی نجکاری کمیشن نے پارلیمنٹ کو اس بات پر اعتماد میں لیا ہےکہ پی آئی اے کے ملازمین کا کیا ہوگا؟ ان کی جاب سکیورٹی ، ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن اور میڈيکل سہولیات کا کیا ہوگا؟
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسی صورت میں نجکاری کے عمل کی طرف جانا ٹھیک نہيں ہوگا، اس سے بہت سے سوال اٹھيں گے۔