01 نومبر ، 2024
جکارتہ: انڈونیشیا نے آئی فون 16 کے بعد گوگل کے فونز پر بھی پابندی عائد کردی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق انڈونیشیا نے آئی فون 16 پر پابندی لگانے کے چند دن بعد ہی گوگل کے فونز پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔
انڈونیشین قوانین کے تحت غیر ملکی کمپنیوں کو وہاں فونز کی تیاری میں 40 فیصد مقامی آلات استعمال کرنے ہوتے ہیں اس کے لیے کمپنیوں کو مقامی سطح پر اشیاء تیار کرنا پڑتی ہیں۔
حکام کا بتانا ہے کہ گوگل نے مقامی طور پر تیار ہونے والے فونز کے حوالے سے پالیسی پر عمل نہیں کیا جس کی وجہ سے پابندی لگائی گئی جب کہ گزشتہ دنوں آئی فون 16 پر بھی پابندی لگانے کی وجہ یہی تھی۔
اس حوالے سے انڈونیشین وزیر صنعت نے کہا کہ ہم تمام انویسٹرز کے لیے شفافیت ممکن بنانے کے لیے ان قوانین پر عمل کررہے ہیں جب کہ اگر لوگ چاہیں تو وہ باہر ممالک سے گوگل فون خریدنے کے بعد ٹیکس ادا کرکے انڈونیشیا میں استعمال کرسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ انڈونیشیا اس سے قبل سرمایہ کاری کے وعدوں کو پورا نہ کرنے پر ایپل واچ 10 سیریز کی فروخت اور استعمال پر بھی پابندی عائدکرچکا ہے۔