03 نومبر ، 2024
بھارتی ریاست اتر پردیش میں نشے میں دھت شخص نے ایک پاؤ آلو چوری ہونے پر پولیس بلا لی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یوپی کے شہر ہردوئی میں نشے میں دھت شہری نے ایک پاؤ آلو چوری ہونے پر رات گئے پولیس کو کال کرکے بلالیا اور جب پولیس اہلکار جائے وقوعہ پرپہنچے تو شہری نے بتایا کہ اس کے ایک پاؤ آلو چوری ہوگئے ہیں انہیں تلاش کیا جائے۔
بھارتی پولیس نے شہری کی ویڈیو ریکارڈ کرکے سوشل میڈیا پر شیئر کردی جو کہ وائرل ہوگئی۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نشے میں دھت شخص پولیس سے آلو چوری ہونے کی شکایت کر رہا ہے، اس نے پولیس کو بتایا کہ’ وہ آلو چھیلنے کے بعد انہیں پکانے کی غرض سے اپنی جگہ پر چھوڑ گیا تھا ، جب وہ اس جگہ پر واپس آیا تو وہاں آلو موجود نہیں تھے، جس کے بعد اس نے نمبر ڈائل کرکے پولیس کی مدد لی‘۔
پولیس کے پوچھنے پر اس شخص نے اعتراف کیا کہ وہ نشے میں ہے اور اس کا نام وجے ورما ہے ۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس اہلکار نے نشے میں دھت شہری کی شکایت کو بڑے تحمل سے سنا اور پھر ہنس پڑا ، پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ مجھے رات 4 بجے جگایا گیا ہے مجھے اب آلو چوری کی تحقیقات کرنی ہے۔