Time 03 نومبر ، 2024
پاکستان

قومی اسمبلی کا اجلاس کل طلب، انسداد دہشتگردی اور ججز کی تعداد بڑھانے کا بل منظور کرائے جانے کا امکان

حکومت کی جانب سے  پیر کے روز  قومی اسمبلی اور  سینیٹ میں اہم قانون سازی کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق  قومی اسمبلی کے کل ہونے والے اجلاس کا وقت تبدیل کردیا گیا ہے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس کل شام 5 کے بجائے 4 بجے ہوگا۔ اسپیکرایازصادق نے اجلاس کے وقت میں تبدیلی کی۔

ذرائع کے مطابق  حکومت کل قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اہم قانون سازی کرنا چاہتی ہے اور حکومتی اراکین کو  ایوان  میں  اپنی حاضری  یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ذرائع قومی اسمبلی کا کہنا ہےکہ  انسداد دہشت گردی ترمیمی بل بھی کل منظور ہونے کا امکان ہے۔

اُدھر قومی اسمبلی کےکل کے اجلاس کا 7 نکاتی ایجنڈا جاری کردیا گیا ہے، قومی اسمبلی کا اجلاس کل شام 4 بجے ہوگا۔

ایجنڈے کے مطابق وزیرقانون اعظم نذیرتارڑپریکٹس اینڈپروسیجرایکٹ ترمیمی آرڈینیس ایوان میں پیش کرینگے۔ عالمی رینکنگ میں پاکستانی عدلیہ کا 129 واں نمبر ہونے پر توجہ دلانے کا نوٹس بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔ قومی اسمبلی ایجنڈے میں پی آئی اے کے متعدد طیارے گراؤنڈ ہونے کا معاملہ بھی اٹھایا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی اجلاس میں سپریم کورٹ ججز کی تعداد بڑھانے کا بل بھی منظورکرائے جانے کا امکان ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس بھی کل طلب کرلیا، رہنما ن لیگ بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا ہے کہ غلط تاثر دیا جارہا ہے حکومت اپنےججزلاناچاہتی ہے۔

مزید خبریں :