Time 04 نومبر ، 2024
پاکستان

ترمیمی بل کے ذریعے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں کمی ہوئی ہے اضافہ نہیں: رانا ثنا

وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں منظور ترمیمی بل کے ذریعے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں کمی ہوئی ہے اضافہ نہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ ماضی میں آرمی چیف کی مدت گیارہ اور 6، 6 سال رہی ہے اب تو مدت میں کمی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں منظور ترمیمی بل کے ذریعے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں کمی ہوئی ہے اضافہ نہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ یہ کیوں بھول جاتے ہیں کہ یہ بھی الیکشن ہارکر چار سال حکومت میں رہے، اسپیکر نے اپوزیشن کو کہا کہ بیٹھ کر بات سنیں بعد میں آپ کی بھی بات سنی جائے گی لیکن اپوزیشن قومی اسمبلی میں بات کرنے کے موڈ میں ہی نہیں تھی، اپوزیشن کو چاہیے تھا کہ آج قومی اسمبلی میں اپنی ترامیم پیش کرتی۔

انہوں نے کہا کہ یہ کہتے ہیں کہ قانون کا غلط استعمال ہوگا جب غلط استعمال ہوگا توتب بات کریں۔

پی ٹی آئی رہنما شعیب شاہین کا کہنا تھاکہ اس بل کا تو ہمیں پتا ہی نہیں تھا انھوں نے اچانک سے جیب سے یہ بل نکالا، بانی پی ٹی آئی نے اعتراف کیا ہے کہ توسیع دینا غلطی تھی۔

خیال رہے کہ قومی اسمبلی نے آرمی ایکٹ اور ججز ایکٹ میں ترمیم کے بل منظور کرلیے، آرمی، نیول اور ائیر فورس ایکٹ میں ترمیم کے مطابق سروسز چیفس کے عہدے کی مدت اب تین سے بڑھ کر پانچ سال کردی گئی۔

قومی اسمبلی نے سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد 34 کرنے اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کی تعداد 9 سے 12 کرنے کا بل کثرت رائے سے منظور کیا۔

قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ نے بھی یہ بلز منظور کرلیے۔

مزید خبریں :