Time 05 نومبر ، 2024
دنیا

امریکی الیکشن: رات گئے ہونیوالی پولنگ کا نتیجہ آگیا، ٹرمپ اور کملا کو کتنے ووٹ پڑے؟

امریکی الیکشن: رات گئے ہونیوالی پولنگ کا نتیجہ آگیا، ٹرمپ اور کملا کو کتنے ووٹ پڑے؟
نیو ہیمپشائر میں ایک چھوٹا سا قصبہ ہے جہاں 60 کی دہائی سے ایک روایت کے تحت ووٹنگ کا آغاز رات گئے ہوجاتا ہے/ فوٹو: امریکی میڈیا

واشنگٹن: امریکی صدارتی انتخابات میں الیکشن کے دن کی ووٹنگ کا آغاز ہوگیا اور پہلا نتیجہ بھی سامنے آگیا۔ 

امریکا میں صدارتی انتخابات کے الیکشن کے دن کی ووٹنگ کا آغاز رات نیو ہیمپشائر میں ہوا اور پہلا ووٹ نیو ہیمپشائر کے ایک چھوٹے سے قصبے ڈکسوائل نوچ میں ڈالا گیا۔ 

غیر ملکی میڈیا کے مطابق  ڈکسوائل نوچ میں کل 6 ووٹ رجسٹر تھے جن میں سے ڈونلڈ ٹرمپ اور کملا ہیرس دونوں کو 3،3 ووٹ پڑے اور اس طرح نیو ہیمپشائر کے ایک چھوٹے قصبے میں ڈیموکریٹ اور ریپبلکن امیدوار میں مقابلہ برابر رہا۔ 

امریکی الیکشن: رات گئے ہونیوالی پولنگ کا نتیجہ آگیا، ٹرمپ اور کملا کو کتنے ووٹ پڑے؟
2020 کے امریکی صدارتی انتخابات میں اس قصبے سے جوبائیڈن کو تمام 5 ووٹ ملے تھے/ فوٹو: امریکی میڈیا

رپورٹ کے مطابق 2020 کے امریکی صدارتی انتخابات میں اس قصبے سے جوبائیڈن کو تمام 5 ووٹ ملے تھے جب کہ ٹرمپ ایک بھی ووٹ لینے  میں کامیاب نا ہوسکے تھے۔ 

امریکی میڈیا کا بتانا ہے کہ ڈکسوائل نوچ قصبے میں امریکا کی تمام دیگر ریاستوں سے قبل رات گئے ووٹنگ شروع کرنے کا آغاز 1960 میں ہوا تھا اور اب یہ ایک روایت ہے۔ 

واضح رہے امریکا میں صدارتی انتخابات آج منعقد ہونے جارہے ہیں اور کچھ ریاستوں میں ووٹنگ کا آغاز  ہوچکا ہے جب کہ 6 مختلف ٹائم زون کے باعث مختلف امریکی ریاستوں میں پولنگ کا آغاز اور اختتام الگ الگ وقتوں پر ہوگا۔

اس کے علاوہ قبل از وقت ووٹنگ کے تحت ہونے والی بیلٹ اور ای میل ووٹنگ کے ذریعے بھی اب تک 7 کروڑ سے زائد امریکی اپنا ووٹ کاسٹ کرچکے ہیں۔ 

امریکی الیکشن: رات گئے ہونیوالی پولنگ کا نتیجہ آگیا، ٹرمپ اور کملا کو کتنے ووٹ پڑے؟
 ڈکسوائل نوچ میں کل 6 ووٹ رجسٹر تھے جن میں سے ڈونلڈ ٹرمپ اور کملا ہیرس دونوں کو 3،3 ووٹ پڑے/  فوٹو: امریکی میڈیا

صدارتی  انتخابات میں ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیرس میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے اور پانسہ پلٹنے والی 7 ریاستیں کسی بھی امیدوار کی کامیابی میں فیصلہ کن ہوں گی جب کہ کسی بھی امیدوار کو صدر منتخب ہونے کے لیے 538 الیکٹورل ووٹ میں سے کم از کم  270 الیکٹورل ووٹ درکار ہونگے۔ 

مزید خبریں :