05 نومبر ، 2024
بھارتی ریاست تامل ناڈو کے ایک گاؤں میں مقامی افراد امریکی صدارتی امیدوار کملا ہیرس کی جیت کے لیے دعائیں کررہے ہیں۔
بھارتی ریاست تامل ناڈو کے دارالحکومت چنئی سے تقریباً 300 کلومیٹر دور واقع تلاسین دھراپرم گاؤں میں امریکی نائب صدر اور ڈیموکریٹک امیدوار کملا ہیرس کا ننھیال ہے۔
کملا ہیرس کی والدہ بھارتی نژاد ہیں اور وہ بھارت کی ریاست تامل ناڈو کے شہر چنئی میں پیدا ہوئی تھیں جب کہ ان کے والد کا تعلق جمیکا سے تھا جہاں سے پھر وہ امریکا منتقل ہوئے تھے۔
تلاسین دھراپرم گاؤں کے لوگ امریکی صدارتی الیکشن میں بھارتی نژاد کملا ہیرس کو کامیاب ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں اور ان کی کامیابی کےلیے گاؤں میں موجود مندر میں دعائیں بھی مانگی جارہی ہیں۔
اس سے قبل صدر بائیڈن کی جگہ کملا ہیرس کے ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار نامزد ہونے کے بعد بھی گاؤں کے لوگوں نے ان کی حمایت میں ایک بہت بڑا بینر آویزاں کیا تھا۔
واضح رہے امریکا میں صدارتی انتخابات آج منعقد ہونے جارہے ہیں، انتخابات میں ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیرس میں کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے جب کہ کسی بھی امیدوار کو صدر منتخب ہونے کے لیے 538 الیکٹوورل ووٹ میں سے کم از کم 270 ووٹ حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔