05 نومبر ، 2024
سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی اہلیہ حبا فواد نے ایف آئی اے میں پی ٹی آئی کی کارکن فلک جاوید کے خلاف کارروائی کی درخواست دے دی۔
حبا فواد کی درخواست میں کہا گیا ہےکہ فلک جاوید نے ان کے خلاف سوشل میڈیا پر فرضی الزامات اور بہتان لگائے اور دھمکیاں دیں۔ فلک جاوید کے الزامات سے ان کے شوہر فواد چوہدری کی عزت پامال کی گئی ہے۔
دوسری جانب اپنے بیان میں حبا فواد نےکہا ہےکہ فلک جاوید کو گھر تک چھوڑ کر آنے کا بندوبست کر لیا ہے ۔ سوشل میڈیا پر ذاتی نوعیت کے الزامات لگائے گئے ہیں، فلک جاوید الزامات ثابت کریں ورنہ عدالتی کارروائی کے لیے تیار ہو جائیں، ایسے افراد کو سبق سکھانا ہوگا جو تحریک انصاف کے لیے بھی باعث شرمندگی بن رہے ہیں۔
فلک جاوید نے حبا فواد کی ایف آئی اے میں درخواست پر ردعمل دیتے ہوئےکہا ہے کہ پہلے ثابت کریں دنیا میں اکیلی آپ ہی حبا ہیں، معلوم تھا حبا فواد یہ کریں گی کیونکہ ایف آئی اے ان کے لیےگھر کی بات ہے، جو بھی ہو انصافینز کو حبا فواد کی اصلیت تو معلوم ہوئی ۔