06 نومبر ، 2024
پاکستان کے ٹاپ کیوئسٹ محمد آصف نے دوحہ میں ہونیوالی آئی بی ایس ایف ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ جیت کر تیسری مرتبہ ورلڈ چیمپئن کا تاج اپنے سر سجایا۔
42 سالہ کیوئسٹ محمد آصف نے ورلڈ اسنوکر چیمپئن شپ میں بطور وائلڈ کارڈ کوالیفائر انٹری لی اور کوالیفائنگ راؤنڈ کو جیتنے کے بعد مین راؤنڈ اور پھر ناک آؤٹ راؤنڈ میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کیا۔
فائنل میں آصف کا مقابلہ ایران کے پلیئر علی غاراگوزلو سے تھا، بیسٹ آف 9 فریم کے فائنل کا پہلا فریم آصف نے 25-70 کے اسکور سے اپنے نام کیا، دوسرے فریم میں علی نے کم بیک کیا اور 7 کے مقابلے میں 94 پوائنٹس لے کر مقابلہ ایک ۔ ایک سے برابر کیا۔
تیسرا فریم محمد آصف نے 08-62 کے اسکور کے ساتھ جیت کر میچ میں دو ۔ ایک کی برتری لی، چوتھے فریم میں آصف نے حریف کو ایک گیند بھی پوٹ کرنے کا موقع نہ دیا اور 106 کا کلیئرنس بریک کھیل کر اسکور اپنے حق میں تین ۔ ایک کردیا ، یہ اس ٹورنامنٹ میں آصف کا چھٹا سنچری بریک تھا۔
پانچویں فریم میں بھی آصف کا پلہ بھاری رہا جس میں انہوں نے 12 کے مقابلے میں 82 پوائنٹس کے ساتھ کامیابی حاصل کی اور اپنی برتری کو مزید مستحکم کیا، چار ایک کے خسارے کے بعد ایرانی کیوئسٹ نے کچھ مزاحمت دکھائی، چھٹا اور ساتواں فریم جیتا لیکن آٹھویں فریم میں محمد آصف نے 93 کے بریک کے ساتھ مقابلہ اپنے نام کرلیا ۔
یہ محمد آصف کے کیرئیر کا تیسرا انفرادی اور مجموعی طور پر پانچواں ورلڈ ٹائٹل ہے، وہ اس سے قبل 2012 اور 2019 میں بھی انفرادی ورلڈ چیمپئن شپ جیت چکے ہیں۔
2024 کی چیمپئن شپ جیت کر انہوں نے بھارت کے پنکج ایڈوانی کا تین انفرادی ورلڈ ٹائٹل کا ریکارڈ برابر کردیا ، محمد آصف 3 انفرادی ٹائٹل کے علاوہ 2 ٹیم ٹائٹل بھی جیت چکے ہیں اور وہ پاکستان کے کامیاب ترین کیوئسٹ ہیں۔
ورلڈ ٹائٹل جیتنے پر پاکستان بلئیرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے صدر جاوید کریم اور چیئرمین عالمگیر شیخ نے محمد آصف کو مبارکباددی۔
صدر جاوید کریم نے کہا کہ محمد آصف نے تیسری بار ورلڈ ٹائٹل جیت کر ثابت کردیا کہ وہ باصلاحیت کیوئسٹ ہیں، 3 بار ورلڈ چیمپئن بننا اعزاز کی بات ہے، محمد آصف کیلئے کیش انعام کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
پی بی ایس اے کے چیئرمین عالمگیر شیخ نے محمد آصف کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وطن واپسی پر محمد آصف کا شاندار استقبال کریں گے۔