23 فروری ، 2013
اسلام آباد … ایف آئی اے نے این آئی سی ایل کرپشن کیس میں 5 ارب کے گھپلوں میں ملوث 3 ملزمان کی حوالگی کیلئے برطانوی اور امریکی حکومت کو خط لکھ دئیے ہیں، جبکہ سابق سیکریٹری تجارت سمیت تینوں ملزمان کے پاکستانی پاسپورٹس بھی منسوخ کر دئیے گئے ہیں۔ جیو نیوز سے گفتگو میں ایف آئی اے سندھ کے ڈائریکٹر محمد مالک نے بتایا کہ این آئی سی ایل کرپشن کیس کا مرکزی ملزم خالد انور پاکستان اور امریکی پاسپورٹ کا حامل ہے اور ان دنوں امریکا میں مقیم ہے، اس سلسلے میں امریکی حکومت کو خط لکھا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان مطلوب ملزمان کی حوالگی کیلئے معاہدے کے تحت خالد انور کو پاکستان کے حوالے کیا جائے۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے کے مطابق این آئی سی ایل کے سابق ڈائریکٹر امین قاسم دادا اور سابق سیکریٹری تجارت محمد جاوید ان دنوں برطانیہ میں ہیں، جنہیں ڈی پورٹ کرنے کیلئے برطانوی حکومت کو بھی خط لکھا گیا ہے جبکہ ان تینوں ملزمان کے پاکستانی پاسپورٹ بھی منسوخ کر دئیے ہیں۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے محمد مالک نے بتایا کہ ان ملزمان کی وطن واپسی کیلئے انٹر پول سے بھی مدد لی جا رہی ہے۔