10 نومبر ، 2024
بھارت میں کینیڈا جانے کی اجازت نہ ملنے پر بیٹے نے ماں کو چاقو کے وار سے قتل کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ مولربند گاؤں میں پیش آیا جہاں کا 31 سالہ رہائشی کرشن کانت ملازمت کیلئے کینیڈا جانا چاہتا تھا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ 50 سالہ مقتولہ خاتون گیتا کے دو بیٹے ہیں، گیتا کا چھوٹا بیٹا بینک میں ملازمت کرتا ہے جبکہ کرشن کانت بے روزگار اور نشے کا عادی تھا۔
مقامی پولیس کے مطابق کرشن کانت ملازمت کیلئے کینیڈا جانا چاہتا تھا لیکن والدین کی جانب سے اجازت نہیں دی جاتی تھی اور ان کی جانب سے بیرون ملک جانے سے پہلے شادی کرنے پر زور دیا جاتا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ 6 نومبر کو بھی ماں بیٹے کے درمیان اسی موضوع پر بحث ہوئی جس پر کرشن کانت طیش میں آگیا اور اس نے اپنی ماں کو چاقو کے وار کرکے قتل کردیا۔
واقعے کے بعد خوفزدہ کرشن نے اپنے والد سرجیت سنگھ کو فون کرکے گھر بلایا اور گھر کی پہلی منزل پر جانے کا کہا، جہاں بیوی کو خون میں لت پت دیکھ کر سرجیت سنگھ دنگ رہ گئے اور انہیں فوری اسپتال لے کر پہنچے جہا ں گیتا کو مردہ قرار دیا گیا۔
پولیس نے مزید بتایا کہ اسی دوران کرشن کانت موقع سے فرار ہوگیا جسے پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کرلیا اور کرشن کیخلاف مزید قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔