13 نومبر ، 2024
کئی دہائیوں قبل ریلیز ہونیوالی مشہور زمانہ بالی وڈ فلم 'شعلے ‘ آج بھی اپنے جاندار ڈائیلاگز اور سپر اسٹارز کی شاندار اداکاری کے سبب فلمی شائقین کے دلوں میں جگہ بنائے ہوئے ہے۔
ہدایت کار رمیش سپی کی 1975 میں ریلیز ہونے والی فلم ’شعلے‘ بھارتی سنیما کی تاریخی فلموں میں سے ایک ہے، فلم کی اسٹار کاسٹ میں دھرمیندر، امیتابھ بچن، امجد خان، سنجیو کمار، ہیما مالنی اور جیا بچن شامل تھے۔
حال ہی میں بھارتی میڈیا پر فلم ’شعلے‘ کی کاسٹ کو دیے گئے معاوضے سے متعلق ایک رپورٹ شائع کی گئی جس میں سب سے زیادہ اور سب سے کم معاوضہ لینے والے اداکاروں کے نام شامل ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی وڈ فلم شعلے 3 کروڑ بھارتی روپےکے بجٹ سے بنائی گئی تھی جس کیلئے دھرمیندر کو ڈیڑھ لاکھ روپے کا معاوضہ ادا کیا گیا اور دھرمیندر اس وقت کاسٹ کے سب سے مہنگے اداکار تھے۔
شعلے میں دھرمیندر کے بعد سنجیو کمارسب سے زیادہ معاوضہ لینے والے دوسرے اداکار تھے جنہوں نے اس فلم کیلئے ایک لاکھ 25 ہزار روپے کا معاوضہ لیا۔
دیکھا جائے تو فلم میں امیتابھ بچن سیکنڈ لیڈ پر تھے لیکن اس کے باوجود انہیں سنجیو کمار سے کم معاوضہ دیا گیا جو ایک لاکھ روپے تھا۔
بات کی جائے شعلے کی خواتین اسٹار کاسٹ کی تو فلم میں بسنتی کا کردار ادا کرنے والی ہیما مالنی کو 75 ہزار روپے اور رادھا کا کردار ادا کرنے والی جیا بچن کو صرف 35 ہزار روپے دیے گئے جس کے پیش نظر جیا بچن اس فلم میں سب سے کم معاوضہ لینے والی اداکارہ تھیں۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ فلم شعلے کے سامبا (میک موہن) کو 12 ہزار، کالیا کا کردار ادا کرنے والے وجو کھوٹے کو 10ہزار اور امام صاحب کا کردار ادا کرنے والے اداکار اے کے ہنگل کو صرف 8 ہزار روپے میں کاسٹ کیا گیا۔
اس کے علاوہ فلم کے سب سے مشہور کردار گبر سنگھ یعنی امجد خان کو دیے جانے والے معاوضے پر بھارتی میڈیا کی مختلف رپورٹس موجود ہیں جس میں امجد خان کا معاوضہ 50 ہزار روپے بتایا گیا ہے۔