13 نومبر ، 2024
گوگل میپس میں ایک نیا فیچر متعارف کرایا جار ہا ہے جس سے صارفین اپنے علاقے کی فضا کے فضائی معیار کے بارے میں جان سکیں گے۔
اس فیچر سے مختلف خطوں کی اوسط ائیر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) ریڈنگ کو رئیل ٹائم میں چیک کرنا ممکن ہوگا۔
گوگل میپس کے اس فیچر کا مقصد فضائی معیار کی مانیٹرنگ کو آسان بنانا ہے۔
اس فیچر کو 100 سے زائد ممالک تک توسیع دی گئی ہے۔
اے کیو آئی فیچر فضائی معیار کے حوالے سے ہر گھنٹے کی اپ ڈیٹس فراہم کرتا ہے۔
اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے صارفین کو گوگل میپس کے ویب ورژن کو اوپن کرکے لیئرز آئیکون پر کلک کرکے ائیر کوالٹی آپشن کا انتخاب کرنا ہوگا۔
اس سے صارفین کو اپنے علاقے یا شہر کے فضائی معیار کے بارے میں جاننے میں مدد ملے گی اور وہ سفر کرنے کا فیصلہ کرسکیں گے۔
اس فیچر میں ائیر کوالٹی انڈیکس میں ایک سے 500 تک ریڈنگ دیکھنا ممکن ہوگا۔
خیال رہے کہ 0 سے 50 اے کیو آئی ریڈنگ کو اچھا سمجھا جاتا ہے یا یوں کہہ لیں کہ صحت کو نقصان نہیں پہنچتا۔
51 سے 100 کو قابل قبول مانا جاتا ہے مگر اس سے حساس افراد کی صحت کو معمولی نقصان پہنچ سکتا ہے، 101 سے 200 کو معتدل، 201 سے 300 کو ناقص، 301 سے 400 کو بہت زیادہ ناقص اور 401 سے 500 کو بہت زیادہ خطرناک سمجھا جاتا ہے۔
گوگل میپس کا نیا فیچر ابھی متعارف کرانے کا سلسلہ شروع ہوا ہے اور بتدریج یہ تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔