Time 13 نومبر ، 2024
سائنس و ٹیکنالوجی

واٹس ایپ چیٹس کے لیے کارآمد فیچر صارفین کو دستیاب

واٹس ایپ چیٹس کے لیے کارآمد فیچر صارفین کو دستیاب
ایک رپورٹ میں اس بارے میں بتایا گیا / فائل فوٹو

واٹس ایپ دنیا کا مقبول ترین میسجنگ پلیٹ فارم ہے جس کے صارفین کی تعداد 2 ارب سے زیادہ ہے۔

مگر میٹا کی زیرملکیت اس ایپ میں صارفین کے لیے ایک بہترین فیچر کا اضافہ کیا  جارہا ہے۔

جی ہاں واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے نئے بیٹا (beta) ورژن میں ایک نیا فیچر متعارف کرایا گیا ہے۔

Wabetainfo کی ایک رپورٹ کے مطابق نئے بیٹا ورژن میں تصاویر کی شیئرنگ کے عمل کو آسان بنایا جا رہا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ واٹس ایپ کی جانب سے بیک وقت متعدد تصاویر کو سلیکٹ کرنے کا عمل آسان بنایا جا رہا ہے۔

ابھی جب آپ اپنے کسی دوست یا رشتے دار کو تصاویر بھیجنا چاہتے ہیں تو ایک، ایک کرکے میڈیا فائل سلیکٹ کرنا پڑتی ہے۔

جب کسی تصویر کو سلیکٹ کیا جاتا ہے تو ایڈٹ اسکرین اوپن ہو جاتی ہے جس سے اس وقت جھنجھلاہٹ ہوتی ہے جب آپ فوری طور پر متعدد تصاویر سلیکٹ کرکے بھیجنا چاہتے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ اب اس کا حل کمپنی کی جانب سے پیش کیا جا رہا ہے۔

اس تبدیلی کے بعد جب کسی تصویر کو سلیکٹ کیا جائے گا تو ایڈیٹنگ اسکرین کی بجائے چیٹ اسکرین اوپن ہو جائے گی جہاں مزید تصاویر کو سلیکٹ کرنے کا آپشن موجود ہوگا۔

اس فیچر میں بھی ایڈیٹنگ کے آپشن کو برقرار رکھا گیا ہے اور اگر آپ کسی تصویر کو ایڈٹ کرنے کے خواہشمند ہوں گے تو ایڈٹ بٹن پر کلک کرنا ہوگا۔

اس طرح صارفین تصاویر کو فوری بھیج سکیں گے یا اگر دل کرے گا تو ان کو ایڈٹ کرنے کے لیے وقت نکال سکیں گے۔

واٹس ایپ کی جانب سے کیپشنز کے حوالے سے ایک نئے فیچر کا اضافہ بھی کیا جا رہا ہے۔

جب آپ متعدد تصاویر یا ویڈیوز بھیجنے کے لیے منتخب کریں گے تو آپ ہر ایک میں الگ الگ کیپشن ایڈ کرسکیں گے یا سب کے لیے ایک کیپشن کا انتخاب بھی کرسکیں گے۔

جیسا اوپر بتایا جاچکا ہے کہ یہ فیچر ابھی بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے تو ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ یہ کب تک تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔

مزید خبریں :